Skip to main content
رہنمائی

اپنا نمونہ خود لینے والی HPV جانچ کی کٹ: استعمال کا طریقہ (Hologic) (Urdu)

شائع کردہ 24 اگست 2026

Applies to England

HPV اپنا نمونہ خود لینے والی کٹ منگوانے کا شکریہ۔

یہ HPV اپنا نمونہ خود لینے والی کٹ صرف آپ کے استعمال کے لیے ہے۔ اسے کسی اور کے ساتھ بانٹیں نہیں اور نہ ہی کسی دوسرے کو استعمال کرنے دیں۔

براہِ کرم اپنی کٹ کے ساتھ دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

اگر آپ کو مزید مدد کی ضرورت ہو (مثلاً جسمانی معذوری یا سیکھنے میں دشواری کی وجہ سے) تو 0300 303 2724 پر رابطہ کریں۔ 

اپنی ماہواری کے دوران، حمل کے دوران، یا حمل ختم ہونے کے بعد 3 ماہ کے اندر، یا خواتین کے امراض کے آپریشن کے بعد 3 ماہ کے اندر اپنا نمونہ نہ لیں۔ 

اگر آپ نے اپنا نمونہ لینے سے پہلے کے 3 دنوں میں اندام نہانی میں رکھنے والی دوائیں، حمل سے بچاؤ کی اندام نہانی میں استعمال ہونے والی چیزیں، مرہم، صفائی کے لیے استعمال ہونے والی چیزیں، چکنا کرنے والی چیزیں یا کنڈوم استعمال کیے ہوں تو اپنا نمونہ نہ لیں۔ 

اگر آپ کو رحم کے منہ کے سرطان کا خدشہ ہے یا آپ میں کوئی نئی یا غیر معمولی علامات موجود ہیں تو اپنا نمونہ نہ لیں، بلکہ جتنی جلد ممکن ہو اپنے GP سے رابطہ کریں۔ علامات میں یہ شامل ہیں: 

  • جماع کے دوران یا اس کے بعد، ماہواریوں کے درمیان، یا ماہواری بند ہو جانے کے بعد خون آنا 

  • جماع کے دوران درد ہونا 

  • اندام نہانی سے معمول سے زیادہ رطوبت آنا یا اس میں غیر معمولی بدبو ہونا 

جب تک ان علامات کی وجہ معلوم نہ کر لی جائے، اپنی خود سے نمونہ لینے والی جانچ کی کٹ استعمال نہ کریں۔ 

اپنا نمونہ لینے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کیے گئے واپسی والے لفافے میں اپنی خود سے نمونہ لینے والی جانچ کی کٹ واپس بھیج دیں۔ 

اگر آپ کو 14 دن کے اندر اپنے نتائج موصول نہ ہوں، خود سے نمونہ لینے والی جانچ کی کٹ کے بارے میں کوئی سوال ہو، یا آپ کی کٹ خراب حالت میں پہنچے تو 0300 303 2724 پر رابطہ کریں۔

NHS سروائیکل اسکریننگ) رحم کے منہ کی جانچ کا( پروگرام

اس کٹ میں شامل ہیں

حفاظتی معلومات:

بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔ نمونہ جمع کرنے والی ٹیوب میں موجود مائع نہ نگلیں۔ اگر مائع نگل لیا جائے یا آنکھوں میں چلا جائے تو اچھی طرح پانی سے دھوئیں اور مشورے کے لیے NHS 111 یا کسی صحت کے پیشہ ور سے رابطہ کریں۔ اگر علامات شدید ہوں یا آپ کو تشویش ہو تو فوراً طبی امداد حاصل کریں۔

اہم 

اس کٹ کو HPV کے ٹیسٹ بنانے والے ادارے کی مقرر کردہ اصل ہدایات سے مختلف مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ HPV ٹیسٹ غیر محفوظ یا ناقابلِ اعتماد ہے، بلکہ اسے اس طریقے سے مختلف انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے جو ابتدا میں مقرر کیا گیا تھا۔ اس صورت میں، نمونہ لینے والا روئی والا آلہ لوگوں کو گھر پر استعمال کرنے کے لیے بھیجا جاتا ہے، نہ کہ کسی طبی مرکز میں، اور تجربہ گاہ خود سے لیے گئے نمونوں کے لیے موزوں طریقۂ کار استعمال کرتی ہے۔

شروع کرنے سے پہلے 

  • دیکھ لیں کہ کٹ میں وہ تمام چیزیں موجود ہیں جو تصویر میں دکھائی گئی ہیں۔ اگر کوئی چیز موجود نہ ہو یا خراب ہو تو کٹ استعمال نہ کریں۔ مدد کے لیے 0300 303 2724 پر رابطہ کریں۔ 

  • براہِ کرم اپنا خود سے نمونہ لینے سے پہلے اور بعد میں اپنے ہاتھ صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔ 

  • ہدایات پڑھ لینے کے بعد، اپنا خود سے نمونہ لینے کا عمل مکمل کرنے میں صرف چند منٹ لگیں گے۔

1. ہاتھ دھوئیں 

  • براہِ کرم اپنا خود سے نمونہ لینے سے پہلے اور بعد میں اپنے ہاتھ صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔

2. اجزا نکالیں

  • روئی والا نمونہ لینے کا آلہ اور ٹیوب کو شفاف بیرونی پیکنگ سے نکال لیں۔

3. ڈھکن اتاریں

  • اپنی ٹیوب کا ڈھکن اتار دیں۔ ڈھکن اور ٹیوب دونوں کو ہموار سطح پر رکھ دیں۔ 

  • ٹیوب میں مائع موجود ہے، اس لیے اسے گرنے نہ دیں۔

4. روئی والا نمونہ لینے کا آلہ نکالیں

  • روئی والے نمونہ لینے کے آلے کی پیکنگ کو نرمی سے کھولیں، اس بات کا خیال رکھیں کہ نرم سرا ہاتھ یا کسی چیز سے نہ لگے۔ 

  • اپنا خود سے نمونہ لینے سے پہلے روئی والے نمونہ لینے کے آلے کو نمونہ رکھنے والی ٹیوب میں نہ رکھیں۔

5. روئی والا نمونہ لینے کا آلہ پکڑنا

  • روئی والے نمونہ لینے کے آلے کو سیاہ نشان والی جگہ سے پکڑیں تاکہ وہ ضرورت سے زیادہ اندر نہ جائے۔ 

  • نمونہ لینے سے پہلے اس بات کا خیال رکھیں کہ روئی والا سرا کسی چیز کو نہ لگے۔ 

  • آپ روئی والے آلے پر سیاہ نشان کو ہاتھ سے محسوس کر سکیں گے۔

6. آرام دہ حالت اختیار کریں

  • اپنے آپ کو ایسی آرام دہ حالت میں رکھیں، جیسے آپ اندر استعمال ہونے والی روئی کی گدی) ٹیمپون (رکھتے وقت بیٹھتی یا کھڑی ہوتی ہیں۔ 

  • آپ یہ خود سے نمونہ لینے والی کٹ بیٹھ کر، کھڑے ہو کر یا لیٹ کر استعمال کر سکتی ہیں۔

7. اندر رکھنے کی تیاری کریں

  • اپنی ٹانگیں تھوڑی کھول کر اندام نہانی کے باہر کی جلد کو نرمی سے الگ کریں۔ 

  • روئی والے سرے کو اپنی کمر کے نچلے حصے کی طرف رکھیں اور اسے آہستہ آہستہ تقریباً پانچ سینٹی میٹر (تقریباً 2 انچ، یا آپ کی شہادت کی انگلی کے پہلے دو پوروں کی لمبائی جتنا داخل کریں)۔ 

  • یہ سیاہ نشان سے نیچے کی طرف ہوگا۔

8. روئی والا نمونہ لینے کا آلہ اندر رکھیں

  • اگر روئی والا آلہ آسانی سے اندر نہ جائے تو اسے آہستگی سے گھماتے ہوئے اندر لے جائیں۔ سیاہ نشان پر رکھی ہوئی آپ کی انگلیاں اسے ضرورت سے زیادہ اندر جانے سے روکیں گی۔ 

  • روئی والے سرے کا رحم کے منہ کو چھونا ضروری نہیں ہے۔ 

  • اس سے تکلیف نہیں ہونی چاہیے، لیکن اگر تکلیف ہو تو مزید عمل جاری نہ رکھیں۔ مدد کے لیے 0300 303 2724 پر رابطہ کریں۔

9. روئی والے آلے کو آہستگی سے گھمائیں

  • روئی والے آلے کو اندام نہانی کے اندر 10-30 سیکنڈ تک آہستگی سے گھمائیں، اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ اندام نہانی کی اندرونی دیواروں کو چھوئے۔ 

  • پھر اسے نرمی سے باہر نکال لیں۔

10. روئی والا آلہ ٹیوب میں رکھیں

  • روئی والے آلے کو ٹیوب میں اس طرح رکھیں کہ اس کا نرم سرا ٹیوب کے نچلے حصے کی طرف ہو۔ 

  • ٹیوب کے اندر موجود مائع کو گرنے نہ دیں۔

11. روئی والے آلے کو ٹیوب کے اندر سے توڑ دیں

  • روئی والے آلے کے سیاہ نشان کو ٹیوب کے کنارے کے برابر رکھ کر اسے اس وقت تک موڑیں جب تک وہ ٹوٹ نہ جائے۔ 

  • آپ روئی والے آلے پر سیاہ نشان کو ہاتھ سے محسوس کر سکیں گے۔ 

  • روئی والا آلہ ٹیوب کے اندر ہی رہنا چاہیے۔

12. ٹیوب کا ڈھکن دوبارہ اچھی طرح بند کریں

  • ٹیوب کا ڈھکن مضبوطی سے دوبارہ بند کریں اور ٹیوب کو محفوظ رکھنے کے لیے اسے دوبارہ اس کی پیکنگ میں رکھ دیں۔ 

  • اگر ٹیوب کا مائع گر جائے تو اپنا خود سے نمونہ لینے والا جانچ پیکٹ واپس نہ بھیجیں۔ مدد کے لیے 0300 303 2724 پر رابطہ کریں۔

13. لیبل مکمل کریں

قلم کی مدد سے محفوظ رکھنے والی تھیلی کے پچھلے حصے پر موجود لیبل پر وہ تاریخ لکھیں جس دن آپ نے اپنا خود سے نمونہ لیا۔

14. ڈاک کے ذریعے بھیجنے کے لیے اپنی نمونہ رکھنے والی ٹیوب تیار کریں

  • روئی والا آلہ ٹیوب کے اندر رہنے دیں اور ٹیوب کو محفوظ رکھنے والی تھیلی (SafeTPouch) کے اندر رکھ دیں۔ 

  • پیلی پٹی ہٹا دیں اور اوپر والا حصہ موڑ کر اچھی طرح بند کر دیں، اس بات کا خیال رکھیں کہ ٹیوب اندر موجود ہو۔ 

  • ہدایات محفوظ رکھنے والی تھیلی کے سامنے والے حصے پر موجود ہیں۔

15. محفوظ رکھنے والی تھیلی کو لفافے میں رکھیں

محفوظ رکھنے والی تھیلی کو واپسی والے لفافے میں رکھیں اور لفافہ اچھی طرح بند کر دیں۔

16. ڈاک کے ڈبے میں ڈالیں

اپنا خود سے نمونہ لینے کے بعد چوبیس گھنٹوں کے اندر اسے برطانیہ کے کسی بھی ڈاک کے ڈبے میں ڈال دیں۔