تقریر

نئی وزیراعظم ٹریزا مے کا بیان

ٹریزا مے نے ڈاوننگ اسٹریٹ میں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنا پہلا بیان جاری کیا ہے.

Prime Minister Theresa May

میں ابھی بکنگھم پیلس جاکے آئی ہوں جہاں ملکہ عالیہ نے مجھے نئی حکومت سازی کی دعوت دی ہے اور میں نے اسے قبول کرلیا ہے.

میں ڈیوڈ کیمرون کے نقش قدم پر چلوں گی جو ایک عظیم اورماڈرن وزیراعظم تھے۔ ڈیوڈ کیمرون کی قیادت میں حکومت نے معیشت کو مستحکم کیا، بجٹ کا خسارہ کم کیا اور ہمیشہ سے کہیں زیادہ افراد کو باروزگارکیا.

لیکن ڈیوڈ کی اصل وراثت معیشت نہیں بلکہ سماجی انصاف ہے، ہم جنسوں کی شادی سے لے کرکم تنخواہ پانے والے افراد کو انکم ٹیکس کے دائرے سے بالکل خارج کرکے، ڈیوڈ نے’ قومی وحدت حکومت’ کی قیادت کی اور اسی روح کے ساتھ میں اپنی قیادت کی منصوبہ بندی کررہی ہوں.

ہر شخص کو یہ علم نہیں کہ ہماری جماعت کا پورا نام کنزرویٹو اینڈ یونینسٹ پارٹی ہےاور یہ لفظ’ یونینسٹ’ میرے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے.

اس کا مطلب ہے کہ ہم اتحاد میں یقین رکھتے ہیں، انگلستان، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئر لینڈ کے درمیان بیش قیمت اتحاد۔ لیکن اس کا مطلب کچھ اور بھی ہے جو اتنا ہی اہم ہے ؛ وہ یہ کہ ہم نہ صرف مملکت متحدہ برطانیہ کی قوموں کے درمیان اتحاد ہی نہیں بلکہ ہمارے تمام شہریوں ، ہم میں سے ہر ایک ، خواہ وہ کوئی بھی ہو اورکہیں سے بھی ہوکے درمیان اتحاد ہے.

اس کا مطلب ہےناانصافیوں کی جلتی آگ کے خلاف جنگ ، اگر آپ غریب پیدا ہوئے ہیں تو آپ دوسروں کے مقابلے میں اوسطا 9 سال پہلے موت کا شکار ہوجائیں گے.

اگرآپ کی رنگت گہری ہے تو آپ کے ساتھ گوری رنگت والے افراد کے مقابلے میں کرمنل جسٹس سسٹم زیادہ سختی سے پیش آئے گا.

اگر آپ سفید فام ہیں اورمحنت کش طبقے کے نوجوان ہیں تو آپ برطانیہ میں کسی اورکے مقابلے میں یونیورسٹی میں کم ہی جا پائیں گے.

اگر آپ اسٹیٹ اسکول میں پڑھتے ہیں تو نجی اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں کے مقابلے میں بڑے پیشوں میں جگہ نہیں بنا سکیں گے.

اگر آپ ایک عورت ہیں تو مرد کے مقابلے میں آپ کی آمدنی کم ہوگی۔ اگر ذہنی بیماری کے شکار ہیں توآپ کو اتنی مدد میسرنہیں جو آپ کے کام آسکے.

گر آپ نوجوان ہیں تو پہلے کے مقابلے میں آپ کی اپنی ذاتی رہائش ہونا مشکل تر ہے.

لیکن برطانیہ کو ایسا ملک بنانے کا مشن جو ہرایک کے لئے ہوان ناانصافیوں سے جنگ کے علاوہ اور بھی کچھ ہے۔ اگر آپ ایک عام محنت کش خاندان سے ہیں تو زندگی آپ کے لئے کتنی دشوار ہے اس کا اندازہ ویسٹ منسٹر میں بہت سے لوگوں کو نہیں ہے۔ آپ کے پاس ملازمت تو ہے لیکن اس کی ضمانت ہمیشہ کے لئے نہیں ہوگی۔آپ کا اپنا گھر ہے لیکن آپ کو مارگیج کی ادائیگی کی فکر پریشان رکھتی ہے۔ آپ کا گزارہ تو کسی طرح ہوجاتا ہے لیکن آپ کواخراجات اور بچوں کو اچھے اسکولوں میں بھیجنے کی فکر رہتی ہے.

اگر آپ کا تعلق اس قسم کے خاندان سے ہے اور آپ بہ مشکل گزارا کررہے ہیں تو میں آپ سے براہ راست مخاطب ہوں.

مجھے معلوم ہے کہ آپ دن رات محنت کررہے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ آپ اپنی طرف سے بہترین کوشش کررہے ہیں اور مجھے یہ بھی علم ہے کہ زندگی کبھی کبھی ایک جدوجہد بن جاتی ہے۔ میری قیادت میں حکومت مراعات یافتہ طبقے کے مفاد میں نہیں بلکہ آپ کے مفادات کے لئے کام کرے گی.

ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ آپ کو اپنی زندگی پر پورا اختیار ہو۔ جب ہم بڑے فیصلے کریں گےتو ہم طاقتور کی بجائے آپ کو سامنے رکھیں گے۔ جب نئے قوانین منظور کریں گے ہم طاقتور کی سننے کی بجائے آپ کی بات سنیں گے۔ ٹیکس کی باری آئے گی تو ہم مالدار کی بجائے آپ کو ترجیح دیں گے۔ جب مواقع کی بات ہوگی تو ہم چند خوش نصیب افراد کو فائدہ پہنچانے کی بجائے ہر ایک کے لئے اسے ممکن بنانے کی کوشش کریں گے خواہ کسی بھی پس منظر سے اس کا تعلق ہو، بنیاد آپ کی صلاحیت ہوگی جو آپ کو جہاں تک لے جائے.

ہم اپنے ملک کی تاریخ میں ایک اہم مرحلے سے گزررہے ہیں۔ ریفرنڈم کے بعد ہمیں ایک عظیم قومی تبدیلی کا سامنا ہے.

اور میں جانتی ہوں کہ ہم چونکہ برطانیہ عظمی ہیں ہم اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ ہم یورپی یونین چھوڑ رہے ہیں تو ہمیں دنیا میں اپنے لئے ایک جراتمندانہ نیا مثبت کردار اپنانا ہےاور ہم برطانیہ کو ایسا ملک بنائیں گے جو مراعات یافتہ چند کے لئے نہیں ہم میں سے ہر ایک کے لئے ہوگا.

یہ اس حکومت کا مشن ہوگا جس کی قیادت میں کرونگی اور ہم مل کر ایک بہتر برطانیہ کی تعمیر کریں گے.

شائع کردہ 13 July 2016