رہنمائی

تعارف

اپ ڈیٹ کردہ 4 August 2022

ایک ویڈیو دیکھیں جو یہ دکھاتا ہے کہ حمل کے دوران اور آپ کے بچے کی پیدائش کے بعد کون سے ٹیسٹس دستیاب ہیں۔

آپ اور آپ کے بچے کے لیے سکریننگ ٹیسٹس کا ویڈیو

1. سکریننگ ٹیسٹس

سکریننگ ٹیسٹ کا استعمال ان افراد کی نشاندہی کے لیے کیا جاتا ہے جن کو صحت کے مسائل ہونے کا زیادہ امکان ہو۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کا شروع میں ہی، ممکنہ طور پر زیادہ مؤثر علاج ہو سکتا ہے یا وہ اپنی صحت کے بارے میں باخبر طور پر فیصلے کر سکتے ہیں۔ سکریننگ ایسے ہی ہے جیسے کسی شخص کو چھلنی میں سے گزارا جائے۔ اکثر لوگ آرام سے چھلنی میں سے نکل جاتے ہیں مگر چند اٹک جاتے ہیں۔ چھلنی میں پھنس جانے والے لوگ ہی ایسے ہوتے ہیں جنہیں صحت کا اس مسئلہ کا زیادہ امکان ہوتا ہے جس کے لیے اسکریننگ کی گئی ہے۔

سکریننگ ٹیسٹ غلطی سے مبرّا نہیں ہیں۔ ہو سکتا ہے کچھ لوگوں کو کہا جائے کہ انہیں یا ان کے بچے کو صحت کا کوئی مسئلہ ہونے کا زیادہ امکان ہے جب کہ اُن کو حقیقتاً وہ مسئلہ درپیش نہ ہو۔ ساتھ ہی، کچھ لوگوں کو کہہ دیا جائے کہ انہیں یا ان کے بچے کو صحت کا مسئلہ ہونے کا امکان کم ہے جبکہ اُن کو حقیقتاً وہ مسئلہ درپیش ہو۔

زوجین کو اجازت ہےکہ وہ سکریننگ اور معلوماتی ملاقاتوں کے دوران موجود رہیں۔

2. سکریننگ ٹیسٹس اور تشخیصی ٹیسٹس میں فرق

سکریننگ ٹیسٹ سے یہ معلوم ہوسکتا ہےکہ آپ، یا آپ کے بچے کو صحت کے کسی مسئلے کا زیادہ یا کم امکان ہے۔ لیکن آپ کو یہ بات عموماً یقینی طور پر نہیں کہی جاسکتی، اس لیے کسی مسئلے کے زیادہ امکان والے افراد کو اکثر دوسری قسم کا ٹیسٹ کروانے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ اسے تشخیصی ٹیسٹ کہتے ہیں اور یہ ‘ہاں’ یا ‘نہ’ میں زیادہ یقینی نتیجہ بتاتا ہے۔

3. حمل کے دوران اور بعد میں سکریننگ ٹیسٹس

آپ کو حمل کے دوران سکریننگ ٹیسٹ کروانے کی پیشکش کی جائے گی تاکہ آپ کے اور آپ کے بچے کی خرابئ صحت کے کسی امکان کی نشاندہی ہو سکے۔ ٹیسٹ - الٹرا ساٶنڈ سکین، خون کے ٹیسٹ اور ایک سوالنامہ - ان ٹیسٹوں سے آپ کو حمل کے دوران اور بعد از زچگی نگہداشت یا علاج کے متعلق فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

کچھ سکریننگ ٹیسٹس آپ کے بچے کے لیے اس کی پیدائش کے فوراً بعد ہی پیش کئے جاتے ہیں۔ ہم ان کی پیشکش اسے لیے کرتے ہیں تاکہ ضرورت ہونے پر آپ کے بچے کو جتنی جلدی ممکن ہو مناسب علاج دیا جا سکے۔

4. چند عملی باتیں

اگرآپ کو معلوم ہےکہ آپ، بچے کے باپ، یا اہلِ خاندان میں سے کسی کو صحتکا کوئی مسئلہ ہے تو، براہ کرم اپنی دایہ کو بتا دیں۔ اگر آپ کسی سکریننگ ٹیسٹ کے نتائج آنے سے پہلے اپنا گھربدل لیں تو برائے مہربانی اپنی دایہ یا ہیلتھ وزیٹر کو اپنا نیا پتہ بتا دیں۔

5. سکریننگ آپ کا انتخاب ہے

آپ ہر ٹیسٹ کروائیں گی یا نہیں اس کا فیصلہ ہمیشہ ایک ذاتی انتخاب ہے جو کہ صرف آپ کرسکتی ہیں۔ آپ اپنے ہر سکریننگ ٹیسٹ کے متعلق اپنے صحت کے معالج سے بات کر کے یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آیا وہ ٹیسٹ آپ کے لئے مناسب ہے یا نہیں۔ آپ کسی بھی مرحلے پر اپنا ذہن بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔

یہاں بیان کردہ کچھ سکریننگ ٹیسٹس، جیسے کہ متعدی امراض کے لئےخون کا ٹیسٹ، اگر آپ کو ذیابیطس ہے تو آنکھوں کی سکریننگ، اور نوزائیدہ بچوں کے معائنے وغیرہ NHS کے ذریعہ تجویز کردہ ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ ان ٹیسٹوں کے نتائج سے آپ کو اور آپ کے بچے کو سنگین حالات میں فوری علاج ملنا یقینی ہوجاتا ہے۔

دوران حمل سیکل سیل اور تھیلیسیمیا، ڈاؤنز سنڈروم، ایڈورڈز سنڈروم، پٹاؤ سنڈروم کے لیے اسکریننگ ٹیسٹس اور 20 ہفتے والی اسکین سے انتہائی ذاتی فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔ ان میں شامل ہو سکتے ہیں:

  • اسقاط حمل کے امکان کے ساتھ تشخیص ٹیسٹ کروائیں یا نہیں
  • اپنا حمل برقرار رکھیں یا گرا دیں

آپ کے لیے اس بارے میں اچھی طرح غور کرکے یہ فیصلہ کرنا ضروری ہے کہ آپ یہ سکریننگ ٹیسٹس کروانا چاہتی ہیں یا نہیں۔ آپ کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا اور نگہداشت صحت کے پیشہ ور افراد آپ کی اعانت کریں گے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا جا رہا ہے تو آپ آواز اٹھا سکتے ہیں۔

6. مزید مدد

ایسی تنظیموں کی تفصیلات کے لیے جو ان معلومات میں درج کسی بھی بیماری کے بارے میں اعانت فراہم کرسکتے ہیں، NHS.UK دیکھیں۔

7. سکریننگ اور NHS

این ایچ ایس والے ٹھوس ثبوتوں کی بنا پر یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ کو کون سے سکریننگ ٹیسٹ کی پیشکش کی جائے۔ ماہرین کا ایک گروپ جسے یو کے نیشنل سکریننگ کمیٹی (UK NSC) کہا جاتا ہے NHS کو مشورے دیتا ہے۔ این ایچ ایس کی جانب سے ہونے والے تمام سکریننگ ٹیسٹ مفت ہیں۔ کچھ نجی کمپنیاں بھی سکریننگ ٹیسٹ کرتی ہیں تاہم یہ مفت نہیں ہوتے۔ نجی طور پر کروائی گئی سکریننگ کےمعیار کی ذمّہ داری این ایچ ایس پر نہیں ہے۔ مزید جانیں نجی اسکریننگ کے بارے میں مشورہ۔

رازداری

یہ یقینی بنانے کے لیے کہ آپ کو صحیح وقت پر سکریننگ کے لیے بلایا جائے، این ایچ ایس کا سکریننگ پروگرام آپ کے بارے میں ذاتی طور پر قابلِ شناخت معلومات استعمال کرتا ہے۔

بلک ہیلتھ انگلینڈ بھی آپ کی معلومات استعمال کرتا ہے تاکہ یقینی بنایا جاسکے کہ آپ کو اعلیٰ معیار کی کیئر دستیاب ہو۔

مزید معلوم کریں کہ کیسے آپ کے بارے میں معلومات استعمال اور محفوظ کی جاتی ہے، اور آپ کی آپشنز۔

اگر اسکریننگ یا قبل از ولادت تشخیصی (PND) ٹیسٹس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کے بچے کو بعض کیفیات ہیں تو ہم یہ معلومات نیشنل کانجینیٹل اینوملی اور ریئر ڈیزیز رجسٹریشن سروس (NCARDRS) کو بھیجیں گے۔ اس میں شامل ہیں:

  • سیکل سیل کی بیماری یا تھیلیسیمیا
  • ڈاٶنز سنڈروم، ایڈورڈز سنڈروم یا پٹاٶز سنڈروم
  • 20 ہفتے کے اسکین کے ذریعہ پتہ لگائے گئے دیگر امراض

یہ ایسے بچوں کے لیے ایک محفوظ نیشنل رجسٹر ہے جن کی پیدائش اس شاذ کیفیت کے ساتھ ہوتی ہے۔ اس سے ہمیں سکریننگ کو بہتر بنانے اور بیماری کو روکنے یا علاج کرنے میں مدد ملتی ہے۔ رجسٹر سے دستبردار ہوں یا مزید جانیں۔ ہم کبھی بھی ایسی معلومات شائع نہیں کریں گے جس سے آپ یا آپ کے بچے کی شناخت ہو سکتی ہو۔

8. اس کتابچہ کے بارے میں

پبلک ہیلتھ انگلینڈ (PHE) نے یہ کتابچہ NHS کی جانب سے تیار کیا ہے۔