11 جسمانی بیماریاں (20 – ہفتے سکین) (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 3 جون 2026
Applies to England
یہ مختصر ویڈیو حمل کے دوران 11 جسمانی حالتوں کی اسکریننگ کی وضاحت کرتی ہے۔
11 جسمانی بیماریاں (20 – ہفتے سکین)
سکریننگ کا مقصد
یہ سکینز عموماً حمل کے 18 ہفتے اور 20 ہفتے اور 6 دن کے درمیان کیے جاتے ہیں اور انہیں عام طور پر 20- ہفتے والی سکین کہا جاتا ہے۔
سکین بچے میں صرف 11 مختلف کیفیات کو تلاش کرتا ہے اور ان سبھی چیزوں کا پتہ نہیں لگ سکتا جو ممکن ہے کہ غلط ہوں۔
اِن بیماریوں کے بارے میں
اسکین آپ کے بچے کے دماغ، چہرے، دل، ہڈیوں، ریڑھ کی ہڈی، پیٹ (بطن) اور گردوں کو تفصیل سے دیکھے گا۔
زیادہ تر معاملات میں سکین یہی دکھائے گا کہ بچہ حسب توقع نشوونما پا رہا ہے تاہم کبھی کبھی کوئی کیفیت پائی جاتی ہے یا اس کا شبہ ہوتا ہے۔ کچھ کیفیات اوروں کی نسبت زیادہ بہتر طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ مثلاً، کچھ بچوں میں اوپن سپائنا بیفائیڈا نامی مسئلہ ملتا ہے جو ریڑھ کی ہڈی پر اثرانداز ہوتا ہے۔
اسپائنا بائیفیڈا عام طور پر اسکین پر واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ اس بیماری والے تقریباً 10 میں سے 9 بچوں (%90) میں یہ اسکین کے ذریعے پہچان لی جاتی ہے۔
دل کی بیماریاں دیکھنا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ اسکین ان بچوں میں سے تقریباً آدھے (%50) کو پہچان پاتا ہے جنہیں دل کی بیماریاں ہوتی ہیں۔
سکین میں نظر آنے والی کچھ کیفیات کا مطلب ہوگا کہ بچے کو پیدائش کے بعد علاج یا آپریشن کی ضرورت ہوگی، مثلاً ہونٹ میں شگاف۔ بہت تھوڑے معاملات میں بہت سنگین کیفیات پائی جاتی ہیں۔ مثلاً ، ممکن ہے بچے کا دماغ، گردے، اندرونی اعضا یا ہڈیاں ٹھیک طرح نشوونما نہ پائے۔ کچھ بہت ہی سنگین شاذ و نادر معاملات میں کوئی علاج ممکن نہیں ہوتا، اور بچہ حمل کے دوران ہی یا پیدائش کے فوراً بعد فوت ہو جائے گا۔
اس سکین میں جن بنیادی کیفیات کو دیکھا جاتا ہے ان کے بارے میں زیادہ تفصیلی معلومات یہاں موجود ہے NHS.UK۔
سکریننگ ٹیسٹ
اکثر سکین خاص طور پر تربیّت یافتہ ارکان عملہ کرتے ہیں جنہیں سونوگرافرز کہتے ہیں۔
آپکے بچے کو واضح طور پر دیکھنے کے لئے اسکین ایک مدھم روشنی والے کمرے میں کیا جاتا ہے۔ سونوگرافر یعنی الٹراساؤنڈ کرنے والے ماہر کو اسکرین آمنےسامنے یا ترچهی رکھنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
- آپ کو بیڈ پر لیٹنے کے لئے کہا جائے گا۔
- آپ کو اپنی قمیض اوپر سینے تک اٹھانے اور اسکرٹ یا پتلون کولہوں تک نیچے کرنے کے لئے کہا جائے گا۔
- ٹشو پیپر آپ کے کپڑوں میں لگایا جاتا ہے تاکہ انہیں الٹراساؤنڈ جیل سے بچایا جا سکے۔ جیل آپ کے پیٹ پر لگائی جاتی ہے۔ جیل ٹھنڈی ہو سکتی ہے۔
- سونوگرافر ایک ہاتھ میں پکڑے جانے والے آلے کو، جسے پروب کہا جاتا ہے، آپ کے پیٹ پر چلاتا ہے تاکہ آپ کے بچے کے جسم کو غور سے دیکھا جا سکے۔ جیل اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پروب اور آپ کی جلد کے درمیان اچھا رابطہ ہو۔
اپوائنٹمنٹ عام طور پر تقریباً 30 منٹ لیتی ہے۔
اسکین کروانے سے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ تاہم سونوگرافر کو آپ کے بچے کو واضح طور پر دیکھنے کے لئے ہلکا دباؤ ڈالنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ تھوڑا غیر آرام دہ ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد آپ کے بچے کی ایک سیاہ اور سفید تصویر الٹراساؤنڈ اسکرین پر نظر آئے گی۔
اسکین کے دوران سونوگرافر خاموش رہ سکتا ہے۔ یہ اس لئے ضروری ہے تاکہ وہ پوری توجہ کے ساتھ اچھے معیار کا اسکین کر سکے۔
آپ کے اسکین کے دوران سونوگرافر عملے کے کسی دوسرے رکن سے دوسری رائے لینے کے لئے کہہ سکتا ہے۔
کبھی کبھار آپ کے بچے کو واضح طور پر دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ یہ اس لئے ہو سکتا ہے کیونکہ آپ کا بچہ کسی مشکل پوزیشن میں لیٹا ہوا ہو یا آپ کا وزن اوسط سے زیادہ ہو۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی پریشانی کی بات ہے۔
اگر ایسا ہو تو آپ کو حمل کے 23 ہفتوں تک دوسرا اسکین پیش کیا جائے گا۔ سونوگرافر اگلی اپوائنٹمنٹ پر اسکین مکمل کرنے کی کوشش کرے گا لیکن یہ ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔
بہت ہی کم ایسا ہوتا ہے کہ دوسرا اسکین مکمل نہ ہو سکے۔ اگر ایسا ہو تو آپ کو ایک اور اسکریننگ اسکین پیش نہیں کیا جائے گا۔ آپ کے بچے کا پیدائش کے بعد جسمانی معائنہ کیا جائے گا۔
آپ کے بچے کی جنس جاننا اس اسکین کا مقصد نہیں ہے لیکن زیادہ تر اسپتال آپ کو بتا دیتے ہیں اگر یہ آسانی سے نظر آ رہا ہو۔ اگر آپ کے بچے کی جنس نہ دکھے تو آپ کو دوسرا اسکین پیش نہیں کیا جائے گا۔
جب آپ اسکین اپوائنٹمنٹ کے لئے آئیں تو آپ کا مثانہ بھرا ہونا ضروری ہو سکتا ہے۔ یہ بات اپوائنٹمنٹ بناتے وقت واضح کر دی جائے گی۔ اگر آپ کو یقین نہ ہو تو آپ اسپتال سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
آپ چاہیں تو اپوائنٹمنٹ پر کسی کو اپنے ساتھ لا سکتی ہیں۔ زیادہ تر اسپتال بچوں کو اسکین پر آنے کی اجازت نہیں دیتے۔ براہِ کرم اپنی اپوائنٹمنٹ سے پہلے اس بارے میں اپنے اسپتال سے پوچھ لیں۔
ٹیسٹ کی حفاظت
الٹرا ساؤنڈسکین سے بچّے یا ماں کو کوئی معلوم خطرہ نہیں ہے لیکن اس بات پر اچھی طرح غور کرنا ضروری ہے کہ آيا 20 ہفتوں والا سکین کروایا جائے یا نہیں۔ اس سکین سے ایسی معلومات مل سکتی ہیں جس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ آپ کو مزید اہم فیصلے کرنے پڑ سکتے ہیں۔ مثلاً، آپ کو مزید ایسے ٹیسٹ پیشکش کئے جائیں جن میں اسقاط حمل کا خطرہ ہو۔
سکریننگ آپ کا انتخاب ہے
آپ کو یہ سکین کروانا ضروری نہیں ہے۔ کچھ لوگ یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ آیا ان کے بچے کو ان 11 کیفیات میں سے کچھ ہیں اور بعض ایسا نہیں چاہتے۔
اگر آپ یہ اسکین کروانے کا انتخاب کریں تو آپ کو نتائج کی بنیاد پر اہم ذاتی فیصلے کرنے پڑ سکتے ہیں۔ آپ جو بھی فیصلہ کریں، آپ کی صحت کی ٹیم آپ کا ساتھ دے گی۔
ٹیسٹ نہ کروانا
اگرآپ یہ اسکین نہ کروانے کا فیصلہ کرتی ہیں تو بھی آپ کے دوران حمل کی معمول کی نگہداشت کے دیگر حصوں کی کارروائی کروا سکتی ہیں۔
ممکنہ نتائج
زیادہ تر کیسز میں، اسکین یہ دکھائے گا کہ آپ کا بچہ توقع کے مطابق نشوونما کر رہا ہے اور 11 جسمانی بیماریوں میں سے کوئی بھی بیماری موجود نہیں ہے جن کی اسکریننگ کی گئی۔
اگر آپ کے اسکین کے دوران کچھ غیر متوقع پایا جائے تو آپ کو ہمیشہ بتایا جائے گا۔
اسکین تمام بیماریوں کو نہیں پہچان سکتا۔ ہمیشہ یہ امکان رہتا ہے کہ بچہ کسی ایسی بیماری کے ساتھ پیدا ہو جو اسکین پر نظر نہ آئی ہو۔
مزید ٹیسٹس
ہو سکتا ہےکہ یہ یقینی بنانے کے لیے آپ کو ایک اور ٹیسٹ پیش کیا جائے کہ آیا بچے کو ان بیماریوں میں سے کوئی ہے۔
اگرآپ کو مزید ٹیسٹ پیش کیے گئے تو ان کے بارے میں آپ کو مزید معلومات دی جائیں گی تاکہ آپ فیصلہ کرسکیں کہ آپ وہ ٹیسٹ کروانا چاہتی ہیں یا نہیں۔ آپ اس سلسلے میں اپنی دائی یا کنسلٹنٹ سے بات کرسکیں گی۔ حسب ضرورت، آپ کو سپیشلسٹ کے پاس، شائد کسی اور ہسپتال میں بھیجا جائے گا۔
اپنے نتائج حاصل کرنا
سونوگرافر آپ کو سکین کا نتیجہ اسی وقت بتا دے گا۔
NHS.UK پرسپورٹ گروپز کی مزید معلومات اور تفصیلات دیکھیں۔