بلڈ سپاٹ (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 3 جون 2026
Applies to England
یہ مختصر ویڈیو نوزائیدہ بچوں کے خون کے قطرے کے ذریعے کیے جانے والے معائنے کے بارے میں معلومات دیتی ہے۔
NHS کے ذریعہ خون کے دھبوں کی سکریننگ کی سفارش کی جاتی ہے۔
سکریننگ کا مقصد
خون کے دھبے کی اسکریننگ کا مقصد یہ جاننا ہے کہ آیا آپ کے بچے کو متعدد نادر لیکن سنگین بیماریوں میں سے کوئی لاحق ہے یا نہیں۔
شروع میں ہی علاج آپ کے بچے کی صحت کو بہتر کرسکتا ہے اور شدید معذوری اور حتیٰ کہ موت سے بچا سکتا ہے۔ اگر آپ کو، یعنی بچے کے والد، یا خاندان کے کسی فرد کو پہلے سے ہی اِن بیماریوں میں سے کوئی ایک ہو تو فوراً اپنے معالج کو بتائیں۔
اِن بیماریوں کے بارے میں
سیکل سیل کی بیماری
برطانیہ میں پیدا ہونے والے 2.800 میں سے تقریباً 1 بچے کو سِیکل سیل کی بیماری (SCD) ہوتی ہے۔ یہ خون کی خطرناک، موروثی بیماریاں ہیں۔ یہ ہیموگلوبن پر اثر انداز ہوتی ہے جو خون کا وہ حصہ ہے جو پورے بدن میں آکسیجن لے کر جاتا ہے۔ جن بچوں کو SCD ہوتی ہیں اُنہیں تا عمر ماہرین کی جانب سے نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔
سیکل سیل بیماری (SCD) کے مریضوں کو شدید درد کے دورے پڑ سکتے ہیں اور وہ سنگین انفیکشن میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ انہیں خون کی کمی (اینیمیا) بھی ہو سکتی ہے (جب جسم کو آکسیجن لے جانے میں مشکل ہو۔) سیکل سیل بیماری والے بچوں کا شروع میں ہی علاج کیا جا سکتا ہے۔ اس میں حفاظتی ٹیکے اور اینٹی بائیوٹکس شامل ہیں تاکہ شدید بیماری اور انفیکشن کو کم کیا جا سکے۔
سسٹک فائبروسس
برطانیہ میں پیدا ہونے والے 2500 نوزائیدہ بچوں میں تقریباً 1 بچہ سسٹک فائبروسس (سی ایف) کا شکار ہوتا ہے۔ یہ موروثی بیماری حاضمے اور پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے۔ ممکن ہے کہ CF میں مبتلا بچے صحیح طریقے سے وزن نہ بڑھا پائیں اور اُنہیں اکثر سینے کا انفیکشن ہوتا ہے۔ سی ایف میں مبتلا بچوں کا ابتدا میں ہی توانائی سے بھرپُور غذا، ادویات اور فیزیوتھراپی سے علاج ہوسکتا ہے۔ اگرچہ CF میں مبتلا بچے اب بھی شدید بیمار ہوسکتے ہیں، تاہم ابتدا میں ہی علاج سے انہیں لمبی، صحتمند زندگی گزارنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کنجینیٹل ہائپوتھائرائڈازم
برطانیہ میں پیدا ہونے والے 2.000 میں سے تقریباً 1 بچے کو کنجینیٹل ہائیپوتھائزائڈازم (CHT) ہوتی ہے۔ سی ایچ ٹی
میں مبتلا بچوں میں ہارمون تھائروکسین کافی نہیں ہوتی۔ تھائروکسین کے بغیر بچے صحیح طرح سے نشوونُما نہیں پاتے اور اُن میں مستقل جسمانی مسائل اور آموزشی معذوریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔
سی ایچ ٹی میں مبتلا بچوں کا تھائروکسین گولیوں کے ساتھ ابتدا میں ہی علاج ہوسکتا ہے اور اِس سے وہ معمول کے مطابق نشوونُما پاتے ہیں۔
موروثی میٹابولک (تحولی) بیماریاں
یہ بہت ضروری ہے کہ اگر آپ کے خاندان میں میٹابولک بیماری کی تاریخ ہے تو آپ اپنے صحت کے ماہر کو بتائیں۔ بچوں کی کچھ موروثی میٹابولک بیماریوں (IMDs) کے لئے اسکریننگ کی جاتی ہے۔
یہ ہیں:
- فینائل کیٹونوریا (PKU)
- میڈیم - چین ایسائل-سی او اے ڈی ہائیڈروجینس ڈیفیشیئنسی (MCADD)
- میپل سیرپ یورین ڈیزیز (MSUD)
- آئسوویلرک ایسیڈیمیا (IVA)
- گلوٹاریک ایسڈوریا قسم 1 (GA1)
- ہوموسسٹین یوریا (غیر اثر پذیر پائریڈوکسین) (HCU)
- موروثی ٹائروسینیمیا ٹائپ1 (HT1)
برطانیہ میں پیدا ہونے والے 10،000 بچوں میں تقریباً 1 کو پی کے یو یا ایم سی اے ڈی ڈی ہوتی ہے۔ دوسری
بیماریاں شاذونادر ہوتی ہیں، جو 100,000 بچوں میں 1 سے لے کر 300,000 بچوں میں 1 تک
اِن موروثی بیماریوں میں مبتلا ہونے والے بچے اپنی خوراک میں موجود کچھ اجزا ہضم نہیں کرپاتے۔ اِن بیماریوں میں سے کچھ میں مبتلا بچے اچانک اور تشویشناک حد تک بیمار پڑ سکتے ہیں۔ اِن بیماریوں کی علامات مختلف ہیں؛ کچھ زندگی کے لئے خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں یا نشوونما کے سنجیدہ مسائل پیدا کرتی ہیں۔
اِن تمام کا علاج احتیاط سے منظم کردہ خوراک سے ہو سکتا ہے، جو کہ ہر بیماری کے لئے الگ ہے اور اِس میں اضافی ادویات شامل ہوسکتی ہیں۔
سکریننگ ٹیسٹ
جب آپ کا بچہ 5 دن کا ہوگا تو صحت کا معالج ایک خصوصی آلہ کا استعمال کرتے ہوئے اُس کی ایڑی میں سوراخ کرکے ایک کارڈ پر خون کے چند قطرے جمع کرے گا۔ بعض اوقات یہ 5دن کے بعد کیا جا سکتا ہے۔ ایڑی سے خون نکالنا تکلیف کا سبب ہو سکتا ہے اور ممکن ہے کہ آپ کا بچہ روئے۔ آپ اِس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ آپ کا بچہ گرم اور پُرسکون ہے، اور اُن کو دودھ پلاتے ہوئے اور سینے سے لگاتے ہوئے مدد کرسکتے ہیں۔
بعض اوقات بعد میں خون کے دھبے کا ایک اور نمونہ درکار ہوتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو، اس کی وجہ کی وضاحت کردی جائے گی۔ اِس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ لامحالہ طور پر آپ کے بچے میں کوئی مسئلہ ہے۔
اگر آپ کے بچے کی اسکریننگ انگلینڈ میں شروع ہوتی ہے لیکن دوسرا نمونہ کسی اور ملک میں لیا جاتا ہے، تو اس ملک میں فراہم کی جانے والی بیماریوں کے لیے اس کی اسکریننگ کی جائے گی۔ یہ حالتیں انگلینڈ میں دستیاب اسکریننگ سے مختلف ہو سکتی ہیں۔
ٹیسٹ کی حفاظت
اس ٹیسٹ کے ساتھ کوئی خطرات وابستہ نہیں ہیں۔
سکریننگ آپ کا انتخاب ہے
نوزائیدہ کے خون کے دھبے کی اسکریننگ آپ کے بچے کے لئے تجویز کی جاتی ہے۔
آپ انتخاب کر سکتے ہیں کہ تمام بیماریوں کے لئے اسکریننگ کروائیں یا صرف مخصوص بیماریوں کے لئے۔
آپ اپنے بچے کے لئے الگ الگ سیکل سیل بیماری (SCD)، سسٹک فائبروسِس (CF) اور پیدائشی ہائپو تھائیرائڈزم (CHT) کی اسکریننگ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے بچے کے لئے موروثی میٹابولک بیماریوں (IMDs) کی اسکریننگ چاہتے ہیں تو ان سب کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ انفرادی موروثی میٹابولک بیماریوں کے لئے اسکریننگ پیش نہیں کی جا سکتی۔
اگر آپ نہیں چاہتے کہ آپ کے بچے کی کسی بھی بیماری کے لئے اسکریننگ ہو یا آپ کو ٹیسٹ کے بارے میں کوئی خدشات ہوں تو براہِ کرم اپنی مڈوائف سے بات کریں۔
ابتدا میں ہی اسکریننگ بہترین ہے کیونکہ ضرورت ہونے پر علاج جلد از جلد شروع کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ سکریننگ نہ کروانے کا انتخاب کرتے ہیں تو، بعد میں اگر آپ اپنا ذہن تبدیل کریں تو آپ کا بچہ اس وقت ٹیسٹ کروا سکتا ہے۔ سوائے CF (صرف آٹھ ہفتے کی عمر تک) کے باقی تمام بیماریوں کی بچوں کی 12 ماہ کی عمر تک سکریننگ ہوسکتی ہے۔
ممکنہ نتائج
نوزائیدہ کے خون کے دھبے کی اسکریننگ کے نتائج ‘بیماری کا شبہ نہیں’ یا ‘بیماری کا شبہ ہے’ کے طور پر بتائے جاتے ہیں۔
زیادہ تر نتائج یہ دکھائیں گے کہ جن بیماریوں کی اسکریننگ کی گئی وہ ‘شبہ نہیں’ ہیں۔
کچھ نتائج یہ دکھائیں گے کہ جن بیماریوں کی اسکریننگ کی گئی وہ ‘شبہ ہے’ ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے بچے کو لازمی طور پر بیماری ہے، لیکن امکان زیادہ ہوتا ہے۔
اگر اسکریننگ کے نتائج یہ ظاہر کریں کہ بیماری کا شبہ ہے تو ایک صحت کا ماہر آپ سے فون پر یا ذاتی طور پر رابطہ کرے گا۔ وہ آپ کو سمجھائے گا کہ اس نتیجے کا آپ اور آپ کے بچے کے لئے کیا مطلب ہے اور یہ بھی بتائے گا کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔
آپ کے بچے کو مزید ٹیسٹوں اور ضرورت پڑنے پر علاج شروع کرنے کے لئے کسی ماہر کے پاس بھیج دیا جائے گا۔
نوزائیدہ کے خون کے دھبے کی اسکریننگ کچھ ایسے بچوں کو پہچانتی ہے جو سسٹک فائبروسِس (CF)، سیکل سیل بیماری (SCD) یا کسی اور سرخ خون کے خلیے کی بیماری کے جینیاتی کیریئر ہو سکتے ہیں۔
کیریئر صحت مند ہوتے ہیں اور انہیں بیماری نہیں ہوتی۔ کیریئر کو صرف نایاب حالات میں صحت کے مسائل ہو سکتے ہیں جب ان کے جسم کو کافی آکسیجن نہ ملے۔ مثال کے طور پر، اگر وہ بے ہوشی کی دوا کے ساتھ آپریشن کروا رہے ہوں۔
اگر آپ کا بچہ جینیاتی کیریئر ہے تو ایک صحت کا ماہر آپ سے رابطہ کرے گا یا آپ کو ڈاک کے ذریعے خط ملے گا تاکہ یہ وضاحت کرے کہ اس کا کیا مطلب ہے۔ آپ کے بچے کو کسی علاج کی ضرورت نہیں ہوگی لیکن مزید ٹیسٹوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اسکریننگ تمام کیریئرز کو نہیں پہچانتی۔
اپنے نتائج حاصل کرنا
اگر ان بیماریوں میں سے جن کی اسکریننگ کی گئی ہے کسی کا شبہ ہو تو ایک سپیشلسٹ کلینکل ٹیم آپ سے رابطہ کرے گی۔ یہ اس لئے ہوگا تاکہ نتائج کو سمجھایا جا سکے اور آپ کے بچے کے لئے مزید ٹیسٹوں کی پیشکش کی جا سکے۔ ان میں سے کچھ مزید ٹیسٹ جلد کرانا ضروری ہوتے ہیں۔ آپ کو ماہر ٹیم کی طرف سے رابطے کی کسی بھی کوشش کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
اگر ان بیماریوں میں سے کسی کا شبہ نہ ہو تو آپ کو نتائج 6 ہفتوں کے اندر خط کے ذریعے یا اپنے ہیلتھ وزیٹر سے مل جائیں گے۔
صحت کے ریکارڈ (‘ریڈ بُک) میں درج کیے جانے چاہییں۔ برائے مہربانی اِنہیں محفوظ رکھیں اور کسی قسم کی دوسری ملاقاتوں میں اِنہیں ساتھ لے کر آئیں۔
سکریننگ کے بعد میرے بچے کے خون کے دھبے والا کارڈ اور ڈیٹا
سکریننگ کے بعد خون کے دھبے والے کارڈ کم از کم 5 سال کے لئے سٹور کر لئے جاتے ہیں اور استعمال کیے جاسکتے ہیں:
- نتائج کو چیک کرنے یا دوسرے ٹیسٹوں کے لئے جو آپ کے ڈاکٹر نے تجویز کئے ہوں (اگر نتائج آپ کے بچے کی صحت کو متاثر کر سکتے ہیں تو آپ سے رابطہ کیا جائے گا)
- اسکریننگ کے پروگرام یا ان بیماریوں کے ٹیسٹ کے طریقوں کو بہتر بنانے کے لئے جو انگلینڈ میں پہلے ہی اسکریننگ کے لئے منظور ہو چکی ہیں (اگر نتائج آپ کے بچے کی صحت کو متاثر کر سکتے ہیں تو آپ سے رابطہ کیا جائے گا)
- تحقیق کے لئے تاکہ برطانیہ میں بچوں اور ان کے خاندانوں کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے (اس میں آپ کے بچے کی شناخت ظاہر نہیں ہوگی اور آپ سے رابطہ نہیں کیا جائے گا)
اس کے علاوہ، ایک معمولی امکان ہے کہ محققین آپ یا آپ کے بچے کو نوزائیدہ بچوں کے خون کے دھبے کی اسکریننگ پروگرام سے جڑی معلومات جمع کرنے میں حصہ لینے کی دعوت دینا چاہیں۔ جو محققین کوئی اضافی تحقیق کریں گے وہ آپ کو واضح طور پر بتائیں گے کہ کیا کیا جا رہا ہے، اور اس کے بعد آپ سے پوچھا جائے گا کہ آیا آپ اس تحقیق میں شامل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔ اگر آپ نہیں چاہتے کہ اضافی معلومات جمع کرنے میں حصہ لینے کے بارے میں آپ سے رابطہ کیا جائے، تو براہِ کرم اپنی دایہ کو آگاہ کریں۔
خون کے دھبے والے کارڈز کے تمام استعمال ضابطۂ کار کے تحت ہوتے ہیں۔ کسی بھی تحقیق کی منظوری ایک آزاد تحقیقی اخلاقیات کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہوگی۔
NHS.UK پرسپورٹ گروپز کی مزید معلومات اور تفصیلات دیکھیں۔