قوت سماعت کا کھونا (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 3 جون 2026
Applies to England
یہ مختصر ویڈیو نوزائیدہ بچوں میں سماعت کی کمی کی اسکریننگ کی وضاحت کرتی ہے۔
NHS کے ذریعہ سماعت کے نقصان کی سکریننگ کی سفارش کی جاتی ہے۔
سکریننگ کا مقصد
ہم یہ اسکریننگ اس لئے پیش کرتے ہیں تاکہ ان بچوں کو پہچانا جا سکے جنہیں سماعت کی کمی ہے تاکہ شروع ہی سے دیکھ بھال، مدد اور مشورہ دیا جا سکے۔
اس بیماری کے بارے میں
ہر 1,000 میں ایک تا 2 بچے ایک یا دونوں کانوں میں سماعت کے مستقل نقص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ یہ تعداد بڑھ کر تقریباً ہر 100 میں سے 1 بچہ (%1) ہو جاتی ہے جو کم از کم 48 گھنٹے کسی خصوصی نگہداشت یونٹ میں گزار چکا ہو۔ اِن میں سے زیادہ تر بچے اُن خاندانوں میں پیدا ہوتے ہیں جن میں سماعت کھونے کی کوئی تاریخ نہیں ہوتی ہے۔
مستقل سماعت کھونا بہت حد تک بچے کی بڑھوتری پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ جلد دریافت کر لینے سے اِن بچوں میں بولنے اور زبان کی مہارتوں میں پیش رفت کرنے میں بہتر موقع مل سکتا ہے۔ یہ اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دیتی ہے کہ ان کے خاندانوں کو وہ سہارا ملے جس کی انہیں ضرورت ہوتی ہے۔ اِس سے بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی خاندان اور دیکھ بھال کرنے والے لوگوں کے ساتھ تعلق سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔
سکریننگ ٹیسٹ
نوزائیدہ کی سماعت کی اسکریننگ کا ٹیسٹ آپ کے بچے کو اسپتال میں ڈسچارج ہونے سے پہلے یا گھر پر پیش کیا جائے گا۔ متبادل طور پر، آپ کو کلینک کی اپوائنٹمنٹ پر بلایا جائے گا۔ بہتر یہ ہے کہ اسکریننگ کا ٹیسٹ پہلے 4 ہفتوں میں کر لیا جائے، لیکن یہ 3 ماہ کی عمر تک کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔
AOAE (خودکار سمعی بصری اخراج) نامی ٹیسٹ میں چند منٹ لگتے ہیں۔ ایک نرم سرے والا ایرپیس آپ کے بچے کے کان میں داخل کیا جاتا ہے اور ہلکی کلک جیسی آوازیں چلائی جاتی ہیں۔ جب کسی کان کو آواز موصول ہوتی ہے، اندر والا حصہ (جسے صدفِ گوش کہتے) اِس کا جواب دیتا ہے اور اِسے سکریننگ کرنے والا آلہ دیکھ لیتا ہے۔
یہ ہر وقت ممکن نہیں ہوتا کہ پہلے ٹیسٹ سے واضح جواب مل جائے۔ اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کا بچہ لامحالا طور پر سماعت کھونے کا شکار ہے۔ اِس کا مطلب ہوسکتا ہے:
- جب ٹیسٹ کیا گیا تھا تو آپ کا بچہ بے سکون تھا
- پس منظر میں کچھ شور تھا
- آپ کے بچے کے کان میں کوئی رقیق مادہ یا عارضی رکاوٹ تھی – یہ بہت عام ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو جاتا ہے
- آپ کے بچے کی سماعت ختم ہو گئی ہے
اِس صورت میں آپ کے بچے کے لئے ایک اور ٹیسٹ کروانے کی پیشکش کی جائے گی۔ یہ پہلے ٹیسٹ جیسا ہوسکتا
ہے، یا ایک اور قسم کا ہوسکتا ہے جسے اے اے بی آر (آٹو میٹڈ آڈیٹری برین سٹم رسپانس) ٹیسٹ کہتے ہیں۔
اس عمل میں 3 چھوٹے سینسر آپ کے بچے کی پیشانی، گردن کے پچھلے حصے اور کندھے پر لگائے جاتے ہیں۔
آپ کے بچے کے کانوں پر نرم ہیڈفون رکھے جاتے ہیں اور ہلکی ہلکی کلک کرنے والی آوازیں سنائی جاتی ہیں۔ اسکریننگ کا یہ آلہ یہ بتا سکتا ہے کہ آیا آپ کے بچے کی سماعت کی نس آوازوں پر ردِعمل دیتی ہے یا نہیں۔ یہ ہمیں یہ جاننے میں مدد دے گا کہ آپ کے بچے کو سماعت کی کمی ہے یا نہیں۔
یہ اسکریننگ ٹیسٹ مکمل ہونے میں 15 منٹ تک لے سکتا ہے۔ آپ کے بچے کا پرسکون ہونا یا سو رہا ہونا ضروری ہے۔
ٹیسٹ کی حفاظت
یہ معائنہ کروانے میں کسی قسم کا خطرہ موجود نہیں ہے۔
سکریننگ آپ کا انتخاب ہے
آپ کے بچے کے لئے اِس سکریننگ ٹیسٹ کی سفارش کی جاتی ہے۔ آپ کے بچے کی نشوونما کے لئے ابتدا میں ہی سماعت کا نقص ڈھونڈنا اہم ہے۔
ٹیسٹ نہ کروانا
اگر آپ نومولود کی سماعت کا سکریننگ ٹیسٹ نہ کروانے کا فیصلہ کرتی ہیں تو آپ کو بچے کی عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی سماعت جانچنے کے لئے چیک لسٹس دیے جائیں گے۔ اگر آپ کو کوئی تشویشات ہیں تو اپنے ہیلتھ وزیٹر یا جی پی سے بات کریں۔
ممکنہ نتائج
اگر آپ کے بچے کے دونوں کانوں سے واضح جواب آتا ہے تو اُس میں سماعت کھونے کا امکان نہیں ہے۔ تاہم، نوزائیدہ بچے سماعت کی سکریننگ ہر طرح کی سماعت کے نقص کو نہیں پکڑ پاتی اور بچوں میں بعد میں سماعت کھونے کا نقص پیدا ہوسکتا ہے۔ یہ اہم امر ہے کہ آپ اپنے بڑھتے ہوئے بچے کی سماعت کی جانچ کرتے رہیں۔ آپ کے بچے کے ذاتی چائلڈ ہیلتھ ریکارڈ میں چیک لسٹ (‘ریڈ بُک) آپ کو بتاتی ہے کہ یہ کیسے کرنا ہے۔ اگر آپ کو اپنے بچے کی سماعت کے بارے میں کسی قسم کے خدشات ہیں تو اپنے ہیلتھ وزٹر یا جی پی سے بات کریں۔
اگر اسکریننگ ٹیسٹ کے نتائج آپ کے بچے کے ایک یا دونوں کانوں سے واضح ردعمل نہیں دکھاتے، تو سماعت کے ماہر کے ساتهـ آڈیالوجی یعنی سماعت کی اپوائنٹمنٹ کا انتظام کیا جائے گا۔
آپ کے بچے کو اسکریننگ کے ٹیسٹ کے 4 ہفتوں کے اندر سماعت کے ماہر کو دکھایا جانا چاہیے۔
یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے بچے کو آڈیالوجی اپوائنٹمنٹ کیلئے لے جائیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر ان کی سماعت میں کمی ہے، تو ممکنہ وجہ تلاش کرنے کے لیے انہیں دوسرے ٹیسٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ ٹیسٹ پیدائش کے ابتدائی چند ہفتوں میں کئے جانے ضروری ہیں۔
ہر 100 میں سے تقریباً 2 سے 3 بچے (%2 سے %3) اسکریننگ کے ٹیسٹوں پر واضح ردِعمل نہیں دکھاتے۔
آڈیالوجی کلینک میں ٹیسٹ کئے گئے تقریباً ہر 15 میں سے 1 بچہ (%7) کو ایک یا دونوں کانوں میں مستقل سماعت کی کمی ہوتی ہے۔ کچھ کو عارضی فقدان سماعت لاحق ہو سکتا ہے۔
اپنے نتائج حاصل کرنا
جیسے ہی سماعت کا ٹیسٹ ختم ہوجائے گا، آپ کو آپ کے بچے کے نتائج مل جائیں گے۔
NHS.UK پرسپورٹ گروپز کی مزید معلومات اور تفصیلات دیکھیں۔