Skip to main content
رہنمائی

پیٹ کی دیوار کے نقائص: گیسٹروسکیسس کے بارے میں والدین کے لیے معلومات (Urdu)

اپ ڈیٹ کردہ 13 جولائی 2026

Applies to England

جائزہ

یہ معلومات آپ کی مدد کرے گی اگر آپ کے 20-ہفتوں کے اسکین  (جسے بعض اوقات حمل کے درمیانی مرحلے کا سکین بھی کہا جاتا ہے) کے بعد آپ کے بچے میں گیسٹروسکیسس (Gastroschisis گَس-ٹروس-کِی-سِس)  ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہو۔

ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معلومات آپ اور آپ کے صحت کے ماہرین کو آپ کی اور آپ کے بچے کی دیکھ بھال کے اگلے مراحل پر بات کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔ یہ معلومات طبی ماہرین کے ساتھ آپ کی گفتگو میں مدد کے لیے ہیں، لیکن ان سے ہونے والی گفتگو کا متبادل نہیں ہیں۔ یہ معلوم ہونا کہ آپ کے بچے کی نشوونما میں کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے پریشان کن ہو سکتا ہے۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔

ہم آپ کو ایک ماہرین کی ٹیم کے پاس بھیجیں گے جو اپنی پوری کوشش کرے گی تاکہ:

  • آپکے بچے کے عارضے اور علاج کے بارے میں مزید درست معلومات فراہم کریں
  • آپ کے کسی بھی سوال کا جواب دیں
  • اگلے اقدامات کی منصوبہ بندی کرنے میں آپ کی مدد کریں

گیسٹروسکیسس کے بارے میں

گیسٹروسکیسس پیٹ کی دیوار (پیٹ کی بیرونی دیوار) کا ایک نقص ہے۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب بچے کی پیٹ کی دیوار رحمِ مادر میں مکمل طور پر نشوونما نہیں پاتی۔

تمام حملوں کے ابتدائی مرحلے میں بچے کی آنتیں نال کے اندر نشوونما پاتی ہیں۔ عام طور پر چند ہفتوں بعد وہ پیٹ کے اندر منتقل ہو جاتی ہیں۔

گیسٹروسکیسس میں بچے کی “ناف” درست طور پر نشوونما نہیں پاتی، جس کی وجہ سے آنتیں جسم کے باہر نشوونما پاتی ہیں اور بچے کی پیدائش کے وقت ہوا کے سامنے کھلی ہوتی ہیں۔

پیٹ کے باہر موجود بچے کی آنتیں رحم کے پانی میں تیرتی رہتی ہیں، جس سے ان میں جلن پیدا ہو سکتی ہے اور وہ سوج کر موٹی ہو سکتی ہیں۔

وجوہات

ہمیں بالکل معلوم نہیں کہ گیسٹروسکیسس کی وجہ کیا ہوتی ہے، لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ یہ حالت زیادہ عام ہوتی جا رہی ہے، خاص طور پر 20 سال سے کم عمر ماؤں میں۔

گیسٹروسکیسس ہر 10,000 بچوں میں تقریباً 5 بچوں (%0.05) میں ہوتا ہے۔

گیسٹروسکیسس والے بچے کی تصویر جس میں آنت جسم کے باہر نشوونما پاتی ہوئی دکھائی گئی ہے۔

گیسٹروسکیسس کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے

ہم 20-ہفتے کے سکین (حمل کے 18+0 سے 20+6 ہفتوں کے درمیان) میں گیسٹروسکیسس کی جانچ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار ہمیں یہ پہلے کیے جانے والے سکین میں بھی نظر آ جاتا ہے، جو عموماً حمل کے تقریباً 12 ہفتوں پر کیا جاتا ہے۔

مزید معائنے اور اپوائنٹمنٹس

چونکہ سکین کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کے بچے کو گیسٹروسکیسس ہے، اس لیے ہم آپ کو ایسے ماہرین کی ٹیم کے پاس بھیج رہے ہیں جو حاملہ ماؤں اور ان کے پیدا ہونے سے پہلے بچوں کی دیکھ بھال میں مہارت رکھتی ہے۔ وہ اس ہسپتال میں ہو سکتے ہیں جہاں آپ فی الحال قبل از پیدائش کی دیکھ بھال حاصل کر رہی ہیں، یا کسی دوسرے ہسپتال میں۔ یہ یقینی طور پر معلوم کرنے کے لیے کہ آیا آپ کے بچے کو یہ عارضہ لاحق ہے یا نہیں آپ کو دوسرے اسکین کی ضرورت ہوگی۔ ماہرین کی ٹیم اس بات کی تصدیق کر سکے گی کہ آیا آپ کے بچے کو گیسٹروسکیسس ہے، اور اس کے کیا ممکنہ اثرات ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کی ٹیم سے ملنے سے پہلے جو بھی سوالات آپ پوچھنا چاہتی ہیں انہیں لکھنا مفید ہو سکتا ہے۔

اگر آپ کے بچے کو گیسٹروسکیسس ہے تو ماہرین کی ٹیم آپ کے بچے کی نگرانی کے لیے آپ کو اضافی الٹراساؤنڈ سکین کی پیشکش کرے گی۔ وہ آپ کو آپ کے بچے کی پیدائش سے پہلے اس کی صحت کی مزید تفصیلی نگرانی کی پیشکش بھی کر سکتے ہیں۔

گیسٹروسکیسس والے بچوں کی ماؤں کی عموماً نارمل ولادت ہوتی ہے، لیکن اگر گیسٹروسکیسس بہت بڑا ہو تو ماہرین کی ٹیم آپ کے ساتھ سیزیرین آپریشن کے بارے میں بات کر سکتی ہے۔

علاج

آپ اور آپ کے بچے کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم میں نوزائیدہ بچوں کے ماہرین اور بچوں کے سرجن جیسے ماہرین شامل ہوں گے، جو آپ کے بچے کی دیکھ بھال کریں گے۔ وہ آپ سے عارضے، ممکنہ پیچیدگیوں، علاج اور یہ کہ آپ اپنے بچے کی پیدائش کے لیے کیسے تیاری کر سکتی ہیں کے بارے میں بات کریں گے۔

گیسٹروسکیسس والے بچوں کو پیدائش کے بعد آپریشن کی ضرورت ہوتی ہے۔

گیسٹروسکیسس کے زیادہ تر کیسز کو “سادہ” قرار دیا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ علاج اور صحت یابی کا عمل عموماً کافی سیدھا اور آسان ہوتا ہے۔

بعض صورتوں میں گیسٹروسکیسس کو “پیچیدہ” قرار دیا جاتا ہے، اور اکثر بچے کی آنت میں رکاوٹ موجود ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ علاج اور صحت یابی کا عمل زیادہ پیچیدہ ہو سکتا ہے۔ آپ کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم اس بارے میں آپ سے تفصیل سے بات کرے گی۔

گیسٹروسکیسس والے زیادہ تر بچے:

  • پیدائش کے بعد عام بچوں کی طرح خوراک نہیں لے سکتے
  • شروع میں انہیں ایک خاص نالی کے ذریعے خوراک دی جاتی ہے

اگر آپ اپنا دودھ پلانا چاہتی ہیں تو آپ اپنا دودھ نکال کر محفوظ کر سکتی ہیں تاکہ جب بچہ خوراک لینے کے قابل ہو جائے تو اسے دیا جا سکے۔

گیسٹروسکیسس اکثر بچے کے کم وزن یا چھوٹے ہونے سے منسلک ہوتا ہے۔ عام طور پر حمل کے 36 سے 40 ہفتوں کے درمیان زچگی شروع کروانے کا منصوبہ بنایا جاتا ہے۔ بعض اوقات بچوں کی پیدائش 36 ہفتوں سے پہلے بھی کروانی پڑ سکتی ہے۔

آپ کے بچے کو ہسپتال میں جتنا وقت گزارنے کی ضرورت ہے اس کا انحصار بچے پر ہوتا ہے اور یہ ہفتوں سے مہینوں تک مختلف ہوتا ہے۔ یہ مختلف عوامل پر منحصر ہوتا ہے، مثلاً آپ کے بچے کو کس قسم کے آپریشن کی ضرورت ہے، صحت یابی میں کتنا وقت لگتا ہے، آیا کوئی پیچیدگیاں موجود ہیں، اور آپ کا بچہ کس طرح خوراک لے رہا ہے۔ ماہرین کی ٹیم آپ کے انفرادی حالات کے لحاظ سے آپ کو مزید معلومات دینے کے قابل ہوگی۔

طویل مدتی صحت

بعض بچوں میں “پیچیدہ” گیسٹروسکیسس ہوتا ہے، جس کے باعث انہیں زیادہ سنگین صحت کے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔ آپ اور آپ کے بچے کے لیے ممکنہ نتائج آپ کی انفرادی صورتحال پر منحصر ہوں گے۔

زیادہ تر بچے اس وقت گھر جا سکتے ہیں جب وہ اپنے آپریشن سے صحت یاب ہو جائیں اور خود خوراک لینے لگیں۔ بہت کم تعداد میں بچوں کو 4 ہفتوں کے بعد بھی خوراک لینے یا خوراک جذب کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔ یہ عموماً کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہوتا اور وقت کے ساتھ خود ہی بہتر ہو جاتا ہے۔

آپ کے بچے کی دیکھ بھال کرنے والی ماہرین کی ٹیم اپنی پوری کوشش کرے گی کہ:

  • آپ کے کسی بھی سوال کا جواب دے
  • اگلے اقدامات کی منصوبہ بندی کرنے میں آپ کی مدد کریں

گیسٹروسکیسس کے ساتھ پیدا ہونے والے تقریباً 10 میں سے 9 بچے (90%) مکمل طور پر صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ ان کے وقت سے پہلے پیدا ہونے اور دوسرے بچوں کے مقابلے میں کم وزن یا چھوٹے ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

اگلے مراحل اور دستیاب انتخاب

آپ اپنے حمل کے دوران آپ کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم سے اپنے بچے کے گیسٹروسکیسس اور دستیاب اختیارات کے بارے میں بات کر سکتی ہیں۔ ان میں آپ کا اپنا حمل جاری رکھنا یا اپنا حمل ختم کرنا شامل ہوگا۔ ہوسکتا ہے آپ گیسٹروسکیسس کے بارے میں مزید جاننا چاہیں گی۔ اس صورتحال میں والدین کی مدد کرنے کا تجربہ رکهنے والی کسی  معاون تنظیم   سے بات کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اگر آپ حمل جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ماہرین کی ٹیم آپ کی مدد کرے گی:

  • اپنی دیکھ بھال اور اپنے بچے کی پیدائش کا منصوبہ بنائیں
  • اپنے بچے کو گھر لے جانے کی تیاری کریں۔

اگر آپ اپنا حمل ختم کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں، تو آپ کو اس بارے میں معلومات دی جائیں گی کہ اس میں کیا شامل ہے اور آپ کی مدد کیسے کی جائے گی۔ آپ کو اپنے حمل کو کہاں اور کیسے ختم کرنا ہے اس کے انتخاب کی پیشکش کی جانی چاہیے اور آپ اور آپ کے خاندان کے لیے انفرادی مدد فراہم کی جانی چاہیے۔

یہ صرف آپ جانتی ہیں کہ آپ اور آپ کے خاندان کے لیے بہترین فیصلہ کیا ہے۔ آپ جو بھی فیصلہ کریں، آپ کی صحت کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم آپ کی معاونت کرے گی۔

مستقبل کے حمل

اگر آپ مستقبل میں ایک اور بچہ پیدا کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں تو اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ اسے بھی گیسٹروسکیسس) پیٹ کی بیرونی دیوار کا ایک نقص( ہو۔

مزید معلومات

اینٹی نیٹل ریزلٹس اینڈ چوائسز (ARC) ایک قومی خیراتی ادارہ ہے جو اسکریننگ اور تشخیص اور حمل جاری رکھنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلے کرنے میں لوگوں کی مدد کرتا ہے۔

 گیسٹروسکیسس ایگسومفیلوس ایگزٹروفیز پیرنٹل سپورٹ گروپ (GEEPS)  ایک سپورٹ گروپ ہے جسے والدین برائے والدین چلاتے ہیں۔  یہ برطانیہ میں قائم ہے، لیکن دنیا کے کسی بھی حصے سے والدین کا خیرمقدم کرتا ہے۔

یہاں معلوم کریں کہ   NHS انگلینڈ آپ کی اسکریننگ کی معلومات کو کس طرح استعمال اور حفاظت کرتا ہے .

معلوم کریں کہ اسکریننگ سے دستبردار ہونے کا طریقہ کیا ہے۔