آپ کی رہنمائی برائے NHSکی طرف سے چھاتی کی اسکریننگ (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 14 مئی 2025
Applies to England
یہ کتابچہ NHSکی طرف سے چھاتی کی اسکریننگ کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جو آپ کے لیے مفید ہو سکتی ہیں۔ آپ یہ انتخاب کر سکتی ہیں کہ آپ چھاتی کی اسکریننگ میں حصہ لیں یا نہیں۔
NHS چھاتی کی اسکریننگ کی پیشکش کیوں کرتا ہے
ہم اسکریننگ اس لیے پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ چھاتی کے کینسر سے زندگیاں بچا سکتی ہے۔
چھاتی کی اسکریننگ چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامات تلاش کر سکتی ہے۔ ہم ایسے کینسر تلاش کرتے ہیں جو اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ آپ انہیں محسوس یا دیکھ نہیں سکتیں۔
چھاتی کے کینسر کو جلدی تلاش کرنا اس کا مطلب ہے کہ آپ کا علاج آسان ہو سکتا ہے اور مؤثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
ہم کس کو چھاتی کی اسکریننگ کے لیے مدعو کرتے ہیں
ہم تمام خواتین کو ان کی پہلی چھاتی کی اسکریننگ کے لیے 50 اور 53 سال کی عمر کے درمیان مدعو کرتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کو ہر 3 سال بعد مدعو کیا جائے گا جب تک کہ آپ 71 سال کی نہ ہو جائیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر چھاتی کا کینسر 50 سال سے زائد عمر کی خواتین میں پیدا ہوتا ہے۔
براہ کرم اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے جی پی کلینک کے پاس آپ کی درست اور تازہ ترین رابطے کی معلومات موجود ہوں تاکہ ہم آپ کو مدعو کر سکیں۔ اس میں شامل ہے آپ کا:
- نام
- پیدائش کی تاریخ
- گھر کا پتہ
- موبائل فون نمبر
- ای میل ایڈریس
اگر آپ ٹرانس جینڈر یا نان بائنری ہیں اور آپ چھاتی کی اسکریننگ کے لئے بلایا جانا چاہتے ہیں، تو اپنے جی پی کلینک سے بات کریں۔ وہ آپ کو مشورہ دے سکتے ہیں کہ آیا آپ چھاتی کی اسکریننگ کروا سکتے ہیں یا نہیں۔ ٹرانس جینڈر اور نان بائنری افراد کے لیے اسکریننگ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔
اگر آپ کی عمر 71 سال یا اس سے زیادہ ہے، تو آپ اب بھی ہر 3 سال بعد چھاتی کی اسکریننگ کروانے کا انتخاب کر سکتی ہیں، لیکن آپ کو خودکار طور پر مدعو نہیں کیا جائے گا۔ اپوائنٹمنٹ لینے کے لیے، اپنے مقامی بریسٹ اسکریننگ یونٹ کو تلاش کریں یا اپنے جی پی کلینک سے رابطے کی تفصیلات حاصل کریں۔
چھاتی کا کینسر
چھاتی کا کینسر اُس وقت ہوتا ہے جب چھاتی کے خلیے غیر معمولی انداز میں تقسیم ہونا اور بڑھنا شروع کر دیتے ہیں۔
یہ برطانیہ میں خواتین میں سب سے عام قسم کا کینسر ہے۔ ہر 7 میں سے 1 عورت کو اپنی زندگی میں چھاتی کا کینسر ہو سکتا ہے۔
چھاتی کا کینسر کتنا سنگین ہے، اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کینسر کتنا بڑا ہے اور آیا یہ پھیل چکا ہے یا نہیں۔
جلد پتہ لگنے اور بہتر علاج کی بدولت چھاتی کے کینسر سے صحت یابی اور بقا کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
چھاتی کی اسکریننگ کیسے کام کرتی ہے
آپ کی مقامی اسکریننگ سروس عموماً کسی ہسپتال میں ہوتی ہے یا یہ کسی اور جگہ موجود موبائل اسکریننگ یونٹ میں بھی ہو سکتی ہے۔
چھاتی کی اسکریننگ میں چھاتی کے اندرونی حصے کی تصاویر لینے کے لیے ایک ایکس رے استعمال کیا جاتا ہے جسے میموگرام کہتے ہیں۔ ماہرین آپ کے میموگرامز کو دیکھیں گے تاکہ چھاتی میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کے آثار تلاش کیے جا سکیں۔
زیادہ تر لوگوں کو کسی مزید ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ چھاتی کے کینسر کے کوئی آثار نہیں پائے جاتے۔
اگر چھاتی کے کینسر کے ممکنہ آثار پائے جائیں، تو آپ کو مزید ٹیسٹوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ آپ کی اسکریننگ سروس آپ کو کسی بھی اضافی ٹیسٹ پر بات کرنے کے لیے ایک اپوائنٹمنٹ کی پیشکش کرے گی۔
چھاتی کی معمول کی اسکریننگ کے مراحل
آپ کی اپوائنٹمنٹ سے پہلے
اگر آپ کو اپنی اپوائنٹمنٹ منسوخ یا تبدیل کرنی ہو تو براہ کرم اپنی مقامی بریسٹ اسکریننگ سروس سے رابطہ کریں۔
اپنی اپوائنٹمنٹ سے پہلے، براہ کرم انہیں مطلع کریں اگر آپ:
- سیکھنے میں دشواری یا حرکت کرنے میں مسئلہ رکھتی ہیں اور اضافی معاونت کی ضرورت ہے، جیسے کہ کوئی نگہبان آپ کے ساتھ آئے
- کسی اور شکل یا زبان میں معلومات کی ضرورت ہے۔
اس سے آپ کی مقامی اسکریننگ سروس کو آپ کی ضروریات کے مطابق انتظامات کرنے میں مدد ملے گی۔ اس میں طویل اپوائنٹمنٹ دینا یا کسی مختلف مقام پر جانے کا انتظام شامل ہو سکتا ہے۔
آپ کو اپنی اسکریننگ سروس کو یہ بھی بتانا چاہیے اگر آپ:
- بریسٹ ایمپلانٹس رکھتی ہیں
- پیس میکر یا کوئی اور لگایا گیا طبی آلہ رکھتی ہیں
- حاملہ ہیں یا اپنا دودھ پلا رہی ہیں
- آپ کی دونوں چھاتیوں کا جراحی کے ذریعے ہٹایا جانا (ماسٹیکٹومی) ہو چکا ہے
- کسی بریسٹ کنسلٹنٹ کی نگرانی میں ہیں
- گزشتہ 6 ماہ میں میموگرام کروا چکی ہیں
آپ کی اپوائنٹمنٹ کے دوران
ایک ماہر جسے میموگرافر کہا جاتا ہے، آپ کے میموگرام لے گا۔ میموگرافر خاتون ہوں گی۔ وہ آپ کو ہر مرحلے پر ہونے والے عمل کی وضاحت کریں گی اور آپ اپنے کسی بھی سوال کے بارے میں پوچھ سکتی ہیں۔
چھاتی کی اسکریننگ کے دوران، ہر چھاتی کے دو میموگرام لیے جائیں گے۔
- آپ کو کمر تک کپڑے اتارنے کے لیے پرائیویسی دی جائے گی۔
- میموگرافر آپ کی چھاتی کو ایکس رے مشین پر صحیح جگہ پر رکھنے میں مدد کرے گی۔ انہیں آپ کی چھاتی کو چھونا پڑے گا۔
- مشین آپ کی چھاتی کو دبائے گی تاکہ اسے جگہ پر رکھا جا سکے۔ آپ کو ساکت رہنا ہوگا۔ کچھ خواتین کو یہ عمل تکلیف دہ یا ناگوار محسوس ہو سکتا ہے۔ یہ تکلیف زیادہ دیر تک نہیں رہنی چاہیے۔ اگر آپ کو لگے کہ آپ یہ عمل جاری نہیں رکھ سکتیں تو آپ رکنے کے لیے کہہ سکتی ہیں۔
- وہ پہلی تصویر اوپر سے لیں گی اور پھر وہی عمل پہلو سے دہرا کر اسی چھاتی کی ایک اور تصویر لیں گی۔
- اس کے بعد وہ یہی عمل آپ کی دوسری چھاتی کے ساتھ بھی دہرا کر میموگرام لیں گی۔
ہر میموگرام لینے میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں۔ اپوائنٹمنٹ میں زیادہ سے زیادہ 30 منٹ لگنے چاہییں، لیکن اکثر یہ اس سے بھی کم وقت میں مکمل ہو جاتی ہے۔
میموگرافر عموماً آپ کی پہلی اپوائنٹمنٹ پر ہی آپ کی چھاتیوں کی واضح تصاویر حاصل کر لیتی ہیں۔ کبھی کبھار، بہتر معیار کی تصاویر حاصل کرنے کے لیے آپ کو دوسری اسکریننگ اپوائنٹمنٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

آپ کے میموگرام ایک خاتون ماہر، جسے میموگرافر کہا جاتا ہے، لے گی۔
اپوائنٹمنٹ کے دن کے لیے عملی مشورے اور تجاویز
آپ کو کمر تک کپڑے اتارنے ہوں گے، اس لیے آپ ایسے کپڑے پہننے کو ترجیح دے سکتی ہیں جو یہ عمل آسان بنائیں، جیسے پتلون یا اسکرٹ اور ایک شرٹ ۔
براہ کرم اپوائنٹمنٹ کے دن ڈیوڈرینٹ یا ٹیلکم پاؤڈر استعمال نہ کریں کیونکہ یہ آپ کے نتائج پر اثر ڈال سکتا ہے۔ اگر ممکن ہو تو، براہ کرم اپوائنٹمنٹ پر پہنچنے سے پہلے اپنے ہار اور نپلز کے پِیئر سنگز یعنی جیولری اتار دیں۔
اگر آپ کو گھبراہٹ ہو یا کوئی سوال ہو تو آپ بریسٹ اسکریننگ ٹیم سے بات کر سکتی ہیں۔ آپ کسی کو اپنے ساتھ لانے کا انتخاب بھی کر سکتی ہیں، جیسے کہ دوست، رشتہ دار یا نگہداشت کار۔ انہیں عام طور پر اپوائنٹمنٹ کے دوران انتظار گاہ میں ہی رہنا ہوگا۔
چھاتی کی اسکریننگ کے نتائج
آپ کو اپنی اسکریننگ اپوائنٹمنٹ کے 2 ہفتوں کے اندر اپنے نتائج مل جانے چاہئیں۔ ہم آپ کے نتائج آپ کے جی پی کلینک کو بھی بھیج دیں گے۔ کبھی کبھار نتائج حاصل کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
اسکریننگ کے دو ممکنہ نتائج ہو سکتے ہیں:
- اس وقت مزید ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہے، یا
- مزید ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔
اس وقت مزید ٹیسٹ کی ضرورت نہیں
زیادہ تر لوگوں (تقریباً 100 میں سے 96 افراد) کو یہ نتیجہ ملتا ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ ہم نے آپ کے میموگرامز میں چھاتی کے کینسر کی کوئی علامت نہیں پائی۔
آپ کو مزید ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر آپ کی عمر ابھی 71 سال سے کم ہے تو ہم آپ کو 3 سال بعد دوبارہ چھاتی کی اسکریننگ کی پیشکش کریں گے۔
یہ نتیجہ اس بات کی ضمانت نہیں دیتا کہ آپ کو چھاتی کا کینسر نہیں ہے یا مستقبل میں نہیں ہوگا۔ اگر آپ اپنی چھاتیوں میں کوئی غیر معمولی تبدیلی محسوس کریں تو براہ کرم جتنی جلدی ہو سکے اپنے جی پی کلینک سے رابطہ کریں۔
مزید ٹیسٹ کی ضرورت
ہر 100 افراد میں سے جن کی چھاتی کی اسکریننگ کی جاتی ہے، 4 کو مزید ٹیسٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔
اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو چھاتی کا کینسر ہے۔ زیادہ تر افراد جنہیں مزید ٹیسٹ کی ضرورت پڑتی ہے، ان کو چھاتی کا کینسر نہیں ہوتا۔
آپ کو چھاتی کا جائزہ لینےکی اپوائنٹمنٹ کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ اگر آپ کو فکر ہو یا کوئی سوال ہو تو آپ اپنی اپوائنٹمنٹ سے پہلے بریسٹ اسکریننگ نرس سے فون پر بات کر سکتی ہیں۔ آپ کے مزید ٹیسٹ کے لیے دعوتی خط میں بتایا جائے گا کہ آپ ان سے کس طرح رابطہ کر سکتے ہیں۔
آپ کی اپوائنٹمنٹ پر، ایک ماہر آپ کو بتائے گا کہ آپ کو کون سے ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔
ان ٹیسٹوں میں شامل ہو سکتے ہیں:
- آپ کی چھاتیوں کا جسمانی معائنہ
- مزید میموگرام
- آپ کی چھاتیوں کا الٹرا ساؤنڈ سکین
- آپ کی چھاتیوں سے بایوپسی کے طور پر ایک چھوٹا نمونہ لینا
ماہر ٹیم آپ کو بتائے گی کہ آپ کو اپنے نتائج کب اور کیسے ملیں گے، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ کون سے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
ہر 100 لوگوں کے نتائج جن کی چھاتی کی اسکریننگ ہوتی ہے
ہر 100 افراد میں سے جن کی چھاتی کی اسکریننگ کی جاتی ہے، 96 کو مزید ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوتی اور 4 کو مزید ٹیسٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔ ان 4 افراد میں سے 1 کو چھاتی کا کینسر تشخیص ہوگا۔
یہ اعداد و شمار صرف عمومی آبادی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ آپ کا ذاتی خطرہ آپ کی عمر اور صحت پر مبنی ہوگا۔
چھاتی کی اسکریننگ کے ممکنہ خطرات
چھاتی کی اسکریننگ کا سب سے بڑا خطرہ یہ ہے کہ یہ ایک ایسا کینسر تلاش کر سکتی ہے جو کبھی بھی نقصان کا سبب نہیں بنتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ہمیشہ یہ پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ آیا کوئی کینسر زندگی کے لیے خطرناک بنے گا یا نہیں۔
اگر ہم آپ کی چھاتی میں کینسر پاتے ہیں تو آپ کو علاج کی پیشکش کی جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو غیر جان لیوا کینسر کا علاج مل سکتا ہے۔ اگر آپ کو علاج کی پیشکش کی جائے، تو ماہر ٹیم آپ کو مختلف اختیارات سمجھائے گی تاکہ آپ فیصلہ کرنے میں مدد حاصل کر سکیں۔
کوئی بھی اسکریننگ ٹیسٹ 100% قابل اعتماد نہیں ہوتا۔
بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ کینسر کی تشخیص نہ ہو پائے۔ اسکریننگ ہمیشہ کینسر کو نہیں ڈھونڈ پاتی جو موجود ہوتا ہے۔ کبھی کبھار کینسر میموگرام پر نظر نہیں آتا۔
چھاتی کا کینسر اسکریننگ کی اپائنٹمنٹس کے درمیان وقفہ میں بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ آپ کو اب بھی اپنی چھاتیوں کو باقاعدگی سے دیکھنا اور چھو کر محسوس کرنا چاہیے تاکہ آپ کسی بھی غیر معمولی تبدیلی سے آگاہ رہیں۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو چھاتی کے کینسر کی علامات ہیں تو براہ کرم جتنی جلدی ہو سکے اپنے جی پی سے رابطہ کریں۔
میموگرام کرانے سے آپ کو ایک چھوٹی مقدار میں ایکس رے کی شعاعوں سے تابکاری کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ آپ کے زندگی بھر کینسر ہونے کے امکانات میں تھوڑا سا اضافہ کر دیتا ہے۔ این ایچ ایس کی مشینیں کم تابکاری کی مقدار استعمال کرتی ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کو کم کیا جا سکے۔ تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ چھاتی کی اسکریننگ کے مجموعی فوائد تابکاری کے اثرات کے خطرات سے کہیں زیادہ ہیں۔
چھاتی کے کینسر کی علامات
یہ جاننا ضروری ہے کہ آپ کی چھاتیاں عام طور پر کیسی دکھتی ہیں اور کیسی محسوس ہوتی ہیں، تاکہ آپ جان سکیں کہ آپ کے لیے کیا معمول ہے۔ اس سے آپ کے لیے اپنی چھاتیوں میں کسی بھی تبدیلی کو پہچاننا آسان ہو جاتا ہے۔
خواتین میں چھاتی کے کینسر کی علامات میں شامل ہو سکتی ہیں:
- آپ کے سینے، چھاتی یا بغل میں گانٹھ یا سوجن
- آپ کی چھاتی کی جلد میں تبدیلی، جیسے کہ سکڑاؤ (ڈِمپلنگ)یا سرخی (کالی یا بھوری جلد پر خارش یا جلد کے رنگ میں تبدیلی کو دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے)
- چھلکے دار سنتری کی طرح کی ظاہری شکل ، جہاں جلد زیادہ موٹی ہو سکتی ہے اور مسام زیادہ واضح ہو سکتے ہیں
- ایک یا دونوں چھاتیوں کے سائز یا شکل میں تبدیلی
- نپلز سے مادہ کا اخراج، جس میں خون بھی ہو سکتا ہے
- آپ کے نپل کی شکل یا دیکھنے میں تبدیلی، جیسے کہ اس کا اندر کی طرف کھچاؤ (انورٹڈ نپل) یا اس پر خارش ہونا (جو ایکزیما کی طرح لگ سکتا ہے)
صرف چھاتیوں میں درد ہونا عام طور پر چھاتی کے کینسر کی علامت نہیں ہوتا۔ اگر آپ کو چھاتی یا بغل میں درد یا بے آرامی ہو جو ہمیشہ یا تقریباً ہمیشہ موجود ہو، تو بہتر ہے کہ اسے چیک کروائیں۔
اگر آپ کو ان میں سے کوئی بھی علامات ہوں، تو براہ کرم جتنی جلدی ہو سکے اپنے جی پی سے بات کریں۔ جی پی کی استقبالیہ کی ٹیم سے فوری اپوائنٹمنٹ کی درخواست کریں۔ یہ کرنا ضروری ہے چاہے آپ نے حال ہی میں چھاتی کی اسکریننگ کرائی ہو۔
کون زیادہ تر چھاتی کے کینسر کا شکار ہو سکتا ہے؟
کسی کو بھی چھاتی کا کینسر ہو سکتا ہے، لیکن آپ کو اس کا زیادہ امکان ہو سکتا ہے اگر آپ:
- 50 سال سے زیادہ عمر کی ہیں
- آپ کی چھاتی کی بافتیں گھنی ہیں
- آپ کے خاندان میں دیگر افراد کو چھاتی کا یا اووریان کینسر ہو چکا ہے – تو ہو سکتا ہے کہ آپ نے کوئی خراب جین وراثت میں حاصل کیا ہو، جیسے کہ خراب BRCA جین۔
- آپ کو کچھ خاص چھاتی کی بیماریاں ہوں، جیسے کہ چھاتی کی سومی بیماری، سیٹو میں ڈکٹل کارسنوما یا سیٹو میں لوبولر کارسنوما۔
اگر آپ کے خاندان میں چھاتی کے یا اووریان کینسر کا رواج ہے اور آپ مشورہ چاہتی ہیں تو آپ اپنے جی پی یا پریکٹس نرس سے بات کر سکتی ہیں۔
آپ چھاتی کے کینسر کے خطرے کو کم کر سکتی ہیں اگر آپ ہر ہفتے 14 یونٹس سے زیادہ شراب پینے سے پرہیز کریں اور صحت مند وزن کو برقرار رکھیں۔
طبی ٹرائلز
آپ سے پوچھا جا سکتا ہے کہ کیا آپ طبی ٹرائل میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ یہ طبی تحقیق کے مطالعے ہوتے ہیں۔ جو بھی ٹرائل آپ کو پیش کیا جائے گا وہ اس بات کی معلومات جمع کرے گا کہ اسکریننگ ٹیسٹ یا علاج کی بہترین اقسام کیا ہیں تاکہ ہم مستقبل میں خدمات کو بہتر بنا سکیں۔ آپ فیصلہ کر سکتی ہیں کہ آپ حصہ لینا چاہتی ہیں یا نہیں۔
مزید معلومات اور معاونت
چھاتی کی اسکریننگ کے بارے میں مشورے کے لیے، آپ اپنے جی پی کے کلینک یا مقامی چھاتی اسکریننگ سروس سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
یہ معلومات متبادل شکلوں میں دستیاب ہے، بشمول دیگر زبانوں کے۔ یہ آسانی سے پڑھی جانے والی شکل میں بھی دستیاب ہے۔
کسی دوسری شکل کی درخواست کرنے کے لیے، آپ 0300 311 2233 پر فون کر سکتی ہیں یا پر ای میل کر سکتی ہیں۔
آپ یہ بھی کر سکتی ہیں:
- تلاش کریں اپنی چھاتیوں کی اسکریننگ کرنے کے بارے میں مشورہ
- تلاش کریں اپنی چھاتیوں کی اسکریننگ کرنے کے بارے میں مشورہ
- NHS اسکریننگ پروگراموں کے بارے میں ٹرانس جینڈر اور غیر بائنری لوگوں کے لیے معلومات پڑھیں
بریسٹ کینسر ناؤ چھاتی کی صحت اور چھاتی کی اسکریننگ کے بارے میں مفت اور خفیہ معلومات اور تعاون بھی پیش کرتا ہے۔ آپ ان کی ہیلپ لائن 0808 800 6000 پر فون کر سکتی ہیں۔ اگر آپ کو زبان کی مدد کی ضرورت ہو تو ترجمان دستیاب ہیں۔
معلوم کریں کہ اسکریننگ سے انکار کرنے کا طریقہ