ایبڈامنل ایوورڈتک اینوریزم (AAA) یعنی شہ رگ شکم کی سوجن کی اسکریننگ - 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مردوں کے لیے ایک مفت ٹیسٹ (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 9 جنوری 2026
Applies to England
آپ یہ انتخاب کر سکتے ہیں کہ آیا آپ ایبڈامنل ایوورڈتک اینوریزم (AAA) اسکریننگ میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ اس کتابچے کا مقصد فیصلہ کرنے میں آپ کی مدد کرنا ہے۔
NHS سکریننگ کی پیشکش کیوں کرتا ہے
ایبڈامنل ایوورڈتک اینوریزم، یا AAA، آپ کی شہ رگ میں سوجن ہوتی ہے۔ شہ رگ خون کی اہم نالی ہے جو دل سے پیٹ (شکم) تک خون منتقل کرتی ہے۔ بڑے AAAs سنگین ہوسکتے ہیں. ہم اسکریننگ کی پیشکش اس لئے کرتے ہیں تاکہ ہم انوریزم کا جلد پته لگا سکیں اور اس کی نگرانی یا علاج کر سکیں۔
اگر آپ کو AAA لاحق ہے تو، آپ کو اس کی کوئی علامات محسوس نہیں ہوسکتی۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ عام طور پر یہ نہیں بتا سکتے کہ آیا آپ کو یہ لاحق ہے۔ یہ معلوم کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے پیٹ کا الٹراساؤنڈ اسکین کرائیں۔
ہم AAA سکریننگ کیلئے کس کو مدعو کرتے ہیں
NHS تمام مردوں کو اس سال اسکریننگ کے لیے مدعو کرتا ہے جب وہ 65 سال کے ہو جاتے ہیں۔ آپ کا جی پی کے ساتھ رجسٹر ہونا اور انگلینڈ میں رہنا ضروری ہے۔ برائے مہربانی یقینی بنائیں کہ آپ کے جی پی کے پاس درست تفصیلات ہیں، بشمول آپ کے:
- نام
- پیدائش کی تاریخ
- ایڈریس
- کانٹیکٹ نمبر:
- ای میل اڈریس۔
اگر آپ 65 سال کے ہونے کے سال کسی جی پی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں تھے، یا اگر ہمارے پاس آپ کی تازہ ترین رابطہ تفصیلات نہیں ہیں تو آپ کا دعوت نامہ بعد میں آ سکتا ہے۔
65 سال سے زیادہ عمر کے مرد جن کی اسکریننگ نہیں ہوئی ہے وہ ٹیسٹ کا بندوبست کرنے کے لیے اپنی مقامی AAA اسکریننگ سروس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ٹرانس اور نان بائنری لوگ
اپنے جی پی کے ساتھ خواتین کے طور پر رجسٹرڈ لوگوں کو AAA اسکریننگ کے لیے مدعو نہیں کیا جاتا۔ وه ٹرانس اور نان بائنری لوگ جو پیدائش کے وقت بطور مرد تشخیص شده ہوں اور 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہوں AAA اسکریننگ کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ آپ کا جی پی آپ کے لیے اس کا انتظام کر سکے گا۔
ایبڈامنل ایوورٹک انیوریزم (AAA)
ایوورٹا یعنی شہ رگ خون کی اہم نالی ہے جو آپ کے جسم کو خون سپلائی کرتی ہے۔ یہ آپ کے دل سے آپ کے سینے اور پیٹ سے نیچے گزرتا ہے۔
بعض لوگوں میں، جیسے جیسے وہ عمر رسیده ہو جاتے ہیں، پیٹ میں شہ رگ کی دیوار کمزور ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد یہ پھولنا شروع کر سکتا ہے (ایک غبارے کی طرح) اور ایک اینوریزم بنا سکتا ہے۔
یہ عارضه 65 سال اور اس سے زیادہ عمر کے مردوں میں سب سے زیادہ عام ہے۔

ایورٹا یعنی شہ رگ پیٹ میں پھول کر AAA بن سکتی ہے
AAAکے باعث خطرات
بڑا اینوریزم شاذ و نادر ہوتا ہے لیکن بہت سنگین ہو سکتا ہے. جیسے جیسے شہ رگ کی دیوار پھیلتی ہے، یہ پھٹ سکتی ہے، جس سے اندرونی خون بہنے لگتا ہے۔ ہر 100 میں سے تقریباً 85 لوگ اینوریزم پھٹنے کے نتیجے میں مر جاتے ہیں۔
اگر ہم ایک چھوٹے یا درمیانے اینوریزم کا پتہ لگا لیتے ہیں، تو یہ ضروری ہے کہ ہم یہ چیک کرتے رہیں کہ آیا یہ بڑا ہو رہا ہے۔ اگر آپ کو چھوٹا AAA لاحق ہے، تو ہم آپ کو ہر 12 ماہ بعد اسکین کے لیے مدعو کریں گے۔ اگر آپ کو درمیانی AAA لاحق ہے، تو ہم آپ کو ہر 3 ماہ بعد مدعو کریں گے۔
AAA اسکریننگ کیسے کی جاتی ہے
ہم اس طرح کا ایک سادہ الٹراساؤنڈ اسکین استعمال کرتے ہیں، جیسا کہ حاملہ خواتین کو پیش کیا جاتا ہے۔ یہ بہت جلدی سرانجام پاتا ہے۔ اسکین میں عام طور پر 10 منٹ سے بھی کم وقت لگتا ہے۔
کلینک میں، ہم آپ کی ذاتی تفصیلات چیک کریں گے اور اسکین کی وضاحت کریں گے۔ آپ ہم سے کوئی بھی سوال پوچھ سکتے ہیں۔
پھر ہم آپ کو لیٹنے کا کہیں گے۔ آپ کو اپنا ٹاپ ہٹانے یا اپنی قمیض کے بٹن کو کھولنے کی ضرورت ہوگی، لیکن آپ کو کپڑے اتارنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ہم آپ کے پیٹ پر ٹھنڈا جیل لگائیں گے۔ اس کے بعد ہم اسکیننگ پروب کو آپ کی جلد پر پهرا دیں گے۔ اسکین مکمل طور پر درد سے مبرا ہوتا ہے۔ یہ اسکرین پر آپ کی شہ رگ کی تصویر دکھائے گا، اور ہم اس کی پیمائش کریں گے۔
ہم آپ کو آپ کا نتیجہ فوراً بتا سکیں گے۔ ہم آپ کے نتائج کی ایک کاپی آپ کے جی پی کو بھی بھیجیں گے۔
بعض اوقات اسکین واضح نہیں ہوتا اور شہ رگ کو درست طور پر چیک نہیں کیا جاسکتا۔ فکر مندی کی کوئی بات نہیں ہے۔ آپ کو ایک اور اسکین کرنے کے لیے کہا جائے گا، عام طور پر کسی دوسرے دن۔
AAA اسکریننگ کے نتائج
ممکنہ طور پر 4 نتائج آتے ہیں:
- کوئی AAA نہیں
- چهوٹا AAA
- درمیانی AAA
- بڑا AAA
کوئی AAA نہیں ملا
اگر آپ کی شہ رگ 3 سینٹی میٹر سے کم چوڑی ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو کوئی AAA لاحق نہیں ہے۔ زیادہ تر مردوں کا نتیجہ ایسا ہی ہوتا ہے۔ اس کے بعد آپ کو علاج یا نگرانی کی ضرورت نہیں۔ ہم آپ کو دوبارہ AAA اسکریننگ کے لیے مدعو نہیں کریں گے۔
چهوٹا AAA
اگر آپ کی شہ رگ 3cm اور 4.4cm کے درمیان چوڑی ہے، تو آپ کو چھوٹا AAA لاحق ہے۔ اسکرین شده 80 مردوں میں سے 1 میں ایک چھوٹا AAA ہوتا ہے۔ ہم آپ کو ہر 12 ماہ بعد اسکین کے لیے دوباره مدعو کریں گے تاکہ یہ چیک کیا جا سکے کہ آیا یہ بڑا ہو رہا ہے۔
درمیانی AAA
اگر آپ کی شہ رگ کی چوڑائی 4.5 سینٹی میٹر اور 5.4 سینٹی میٹر کے درمیان ہے، تو آپ کو درمیانی AAA ہے۔ تقریباً اسکرین شده 500 مردوں میں سے 1 کو درمیانی AAA ہوتا ہے۔ ہم آپ کو ہر 3 ماہ بعد اسکین کے لیے دوباره مدعو کریں گے تاکہ یہ چیک کیا جا سکے کہ آیا یہ بڑا ہو رہا ہے۔
بڑا AAA
اگر آپ کی شہ رگ کی چوڑائی 5.5 سینٹی میٹر یا اس سے زیاده ہے تو آپ کو بڑا AAA ہے۔ تقریباً ہر 2,500 مردوں میں سے 1 کو بڑا AAA ہوتا ہے۔ ہم آپ کو ایک سپیشلسٹ ٹیم کے ساتھ اپوائنٹمنٹ کی پیشکش کریں گے۔ وہ مزید اسکین کریں گے اور علاج کے ممکنہ آپشنز، عام طور پر آپریشن کے بارے میں آپ سے بات کریں گے۔
چھوٹے یا درمیانے AAA کی نگرانی
اگر آپ کو چھوٹا یا درمیانے درجے کا AAA ہے، تو آپ کو صرف اس صورت میں علاج کی ضرورت ہوگی جب یہ بڑا ہو رہا ہو۔
آپ کے AAA کے سائز کی نگرانی کرنا ضروری ہے۔ یہ اس صورت میں ہے جب یہ ایک بڑا AAA بن رہا ہو۔
زیادہ تر AAAs بہت آہستہ آہستہ بڑے ہوتے ہیں۔ چھوٹے یا درمیانے درجے کے AAA والے اکثر مردوں شاید کبھی بھی بڑا AAA نہ ہو جائے اور نا ہی انہیں علاج کی ضرورت پڑے۔
ہم آپ کے لیے واسکولر سپیشلسٹ نرس کے ساتھ اپوائنٹمنٹ کا بندوبست کریں گے جو آپ کو AAA کے بڑھنے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے مشورہ دے گا۔ آپ کا جی پی آپ کو گولیاں بھی دے سکتا ہے یا ایسی کسی بھی دوائی کا جائزہ لے سکتا ہے جو آپ لے رہے ہیں۔ آپ کو اپنے بلڈ پریشر کو چیک کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔
بڑے AAA کا علاج
اگر ہم بڑا AAA کا پتہ لگا لیتے ہے، تو ہم آپ کو ایک سپیشلسٹ ٹیم کو ریفر کریں گے۔ وہ مزید ٹیسٹ کریں گے اور ایک سپیشلسٹ آپ کے ساتھ علاج کے آپشنز پر بات کرے گا۔ عام طور پر آپ کی اپوائنٹمنٹ کے دو ماہ کے اندر آپریشن ہو گا، اگر آپ فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ اسے کرانا چاہتے ہیں۔
اسکریننگ میں پائے جانے والے اینیورزمز کا علاج عام طور پر محفوظ اور بہت موثر ہوتا ہے۔ علاج میں خطرات ہوتے ہیں۔ سپیشلسٹ آپ کو ان کی تفصیل سے وضاحت کرے گا۔
بڑے AAA میں مبتلا ہر کسی کا آپریشن نہیں ہوگا۔
AAA سکریننگ کے ممکنہ خطرات
کوئی اسکریننگ ٹیسٹ مکمل طور پر موثر نہیں ہوتا، لیکن AAAs کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیا جانے والا اسکین بہت قابل اعتماد ہے۔ اگر اسکریننگ میں اینیوریزم نہ ملے تو آدمی میں بڑا AAA پیدا ہونا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ AAA اسکریننگ سے اینوریزم کے پھٹنے کے خطرے کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاتا، لیکن یہ آپ کے خطرے کو کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔
بذات خود اسکریننگ ٹیسٹ سے کوئی خطرہ نہیں ہوتا، لیکن اگر آپ کو AAA کے علاج کے لیے سرجری کی ضرورت ہو تو خطرات ہیں۔ ہر 10,000 مردوں میں سے تقریباً 30 کا آپریشن ہوتا ہے۔ اوسطاً، سرجری کروانے والے 67 میں سے 1 مرد زندہ نہیں بچے گا۔ اس بات کا بہت کم امکان ہے کہ اگر علاج نہ کیا جائے تو ان کا AAA کبھی نہیں پھٹ سکتا۔
جن کو AAA ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے
خواتین کے مقابلے مردوں کو AAA لاحق ہونے کا امکان 4 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کو اسکریننگ کی پیشکش نہیں کی جاتی۔ عمر کے ساتھ ساتھ انیوریزم ہونے کا امکان بھی بڑھتا ہے۔
آپ کو AAA ہونے کا امکان اس وقت بھی بڑھ سکتا ہے اگر:
- آپ سگریٹ نوشی کرتے ہیں یا کبھی کرتے رہے ہیں۔
- آپ کو ہائی بلڈ پریشر ہے
- آپ کے بھائی، بہن یا والدین کو AAA ہے، یا تها.
مزید معلومات اور تعاون
AAA اسکریننگ کے بارے میں مزید معلومات کے لیے، اپنی مقامی اسکریننگ سروس سے رابطہ کریں۔ اگر آپ کو اضافی مدد کی ضرورت ہے تو برائے مہربانی اپنی اپوائنٹمنٹ سے پہلے انہیں بتائیں۔ اس میں آپ کے ساتھ آنے والا کیئرر، طویل اپوائنٹمنٹ یا کسی دوسری جگہ جانا شامل ہو سکتا ہے۔
آپ کی دعوت میں ان کے رابطے کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ آپ اپنی جی پی سرجری سے بھی بات کر سکتے ہیں۔
اپنی مقامی AAA اسکریننگ سروس کے رابطے کی تفصیلات تلاش کریں۔
یہ معلومات متبادل فارمیٹس میں دستیاب ہے، بشمول آسان پڑھائی اور دیگر زبانیں۔ دیگر فارمیٹ طلب کرنے کے لیے، آپ 33 22 311 0300 پر فون کر سکتے ہیں یا england.contactus@nhs.net پر ای میل کر سکتے ہیں۔
آپ:
- NHS.UK پر AAA اسکریننگ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔
- NHS اسکریننگ سروسز کے بارے میں ٹرانسجینڈر اور غیر بائنری لوگوں کے لیے معلومات بھی پڑھ سکتے ہیں۔
سرکولیشن فاؤنڈیشن اور برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن واسکولر امراض میں مبتلا لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ اس میں AAA میں مبتلا لوگ شامل ہیں۔
ہم آپ کو صحیح وقت پر اسکریننگ کے لیے مدعو کرنے کے لیے آپ کے NHS ریکارڈز سے ذاتی معلومات استعمال کرتے ہیں۔ یہ معلومات اسکریننگ پروگراموں کو بہتر بنانے اور کوالٹی کیئر فراہم کرنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ اس بارے میں مزید تفصیل پڑھیں کہ ہم آپ کی معلومات کو کس طرح استعمال اور محفوظ رکھتے ہیں۔
معلوم کریں کہ اسکریننگ سے دستبردار ہونے کا طریقہ کیا ہے.