خبروں کی کہانی

کرسمس 2016ء : وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم ٹریزا مے نے برطانیہ اور دنیا بھر میں کرسمس منانے والوں کو پیغام تہنیت بھیجا ہے.

Christmas

وزیراعظم ٹریزامے نے پیغام میں کہا ہے:

اس سال برطانیہ کے پاس خوشی منانے کو بہت کچھ رہا ہے۔ ملکہ عالیہ نے نوے سالہ سالگرہ شاہی خاندان اور ہماری چاروں قوموں، دولت مشترکہ اور دنیا بھرکے خیرخواہوں کے درمیان منائی۔ لندن 2012ء کے بعد چار سال ہمارے اولمپک اور پیرا اولمپک کھلاڑیوں نے مشق اور تربیت جاری رکھی اوراس کا صلہ انہیں اس اولمپکس میں تمغوں کی فہرست میں دوسرا مقام پانے سے ملا۔ اس طرح وہ دنیا میں وہ پہلی ٹیم بن گئے جس نے اپنے ہاں اولمپکس کی میزبانی کے بعد چارسال میں تمغوں کی تعداد میں اضافہ کر لیا ہو۔ ہم میں سے بہت سوں کو اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ خوشگوار لمحات بھی ملے ہوں گے اور ملیں گے۔ وہ بڑے قیمتی لمحات ہوتے ہیں جب مختلف پس ہائے منظر، مختلف عقائد کے حامل افراد مل جل کے اہل خانہ اور برادریوں کے ساتھ تہوار مناتے ہیں.

ایک ملک کی حیثیت سے بھی ہم سب کا اکھٹا ہونا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اب جبکہ ہم یورپی یونین چھوڑ رہے ہیں ہمیں دنیا میں ایک نیا کردار اپنانے اور مستقبل کی جانب سفر کرتے ہوئے ملک کو متحد رکھنےکے ایک تاریخی موقع سے فائدہ ضرور اٹھانا چاہئیے۔ اور ہمیں تجارت کے فروغ، خوشحالی میں اضافے اوردنیا میں امن و سلامتی کو درپیش چیلنجزکا سامنا کرنے کے لئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئیے.

سال کے اس موقع پر جب ہم اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ اکھٹا ہوں تو ہم مسیح) حضرت عیسیٰ( کی پیدائش پر خوشی مناتے ہوئے اس سے حاصل ہونے والےبخشش کے پیغام، محبت اورامید کو یاد رکھنا چاہئیے۔ ہم دنیا کے دوسرے حصوں میں اس کرسمس پرظلم و ستم کا شکار مسیحیوں کے بارے میں بھی سوچتے ہیں اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کی آزادی کےلئے کھڑے ہونے کے اپنے عزم کی توثیق کرتے ہیں کہ وہ امن اور سلامتی کے ساتھ اپنے عقائد پرعمل کرسکیں.

.ایک پادری کے گھر میں پلنے بڑھنے کی وجہ سے مجھے معلوم ہے کہ جنہیں کرسمس پر کام کرنا ہوتا ہے ان کے لئے یہ کتنا صبر آزما ہوتا ہے۔ لہذا ہم سب کو چاہئیے کہ ہم ان کے شکر گزار ہوں جو دوسروں کی خدمت کرتے ہوئے کرسمس کے ایام میں اپنے پیاروں سے دور ہوتے ہیں، وہ جو صحت اور دیکھ بھال کی خدمات سر انجام دیتے ہیں، جو کمزور افراد کے ساتھ ہوتے ہیں یا جو کسی عزیز کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ہم مسلح افواج ، سیکیورٹی ایجنسیز اور ہنگامی سروسزکے شکر گزار ہیں جوملک کی حفاظت کے لئے سال بھر کام کرتے ہیں، خاص طورپرا ن کے جو فرائض کی انجام دہی میں اپنے اہل خانہ اوردوستوں سے دور ہوں

آپ اس کرسمس پر جہاں بھی ہوں، میں آپ کے لئے تقریبات کے ان ایام میں خوشی اورامن کی دعا کے ساتھ آنے والے سال میں صحت اورمسرت کی تمنا کرتی ہوں .

شائع کردہ 25 December 2016