دنیا کی خبروں کی کہانی

برطانیہ پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری شراکت داری قائم کرنے میں سنجیدہ ہے، بیرونیس وارثی

بیرونیس وارثی کا یہ دورہ پاکستان ، برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارت اور کاروباری شراکت داری میں اضافے کو دی جانے والی اہمیت کا ایک مظاہرہ ہے

اسے 2010 to 2015 Conservative and Liberal Democrat coalition government کے تحت شائع کیا گیا تھا
Baroness Sayeeda Warsi in meeting with Punjab Chief Minister Shahbaz Sharif.

Baroness Sayeeda Warsi in meeting with Punjab Chief Minister Shahbaz Sharif.

آج برطانیہ کی سینیر منسٹر آف اسٹیٹ فار فارن اینڈ کامن ویلتھ افیئرز، بیرونیس سعیدہ وارثی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔ یہ بات بیرونیس وارثی نے وزیرِ اعلٰی پنجاب شہباز شریف، حکومتِ پنجاب کے وزراء اور پاکستان کے لیے برطانوی ٹریڈ مشن کے ساتھ لاہور میں منعقدہ ایک ملاقات میں کہی۔

بیرونیس وارثی نے ملاقات کے دوران مزید کہا:

برطانوی حکومت ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کے قیام پر کاربند ہے۔

پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے عظیم مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے توانائی، خریدوفروخت، تعلیم اور امن و تحفظ کے شعبہ جات میں مصروف ِ عمل برطانوی اداروں کی حوصلہ افزائی دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ مزید کاروباری سرمایہ کاری سے نہ صرف ترقی، ملازمتوں کے مواقع اور غربت کا خاتمہ کرکے پاکستان کے عوام کے لیے ایک درخشاں مستقبل کے قیام کے علاوہ برطانوی اداروں کے لیے پاکستان کی نسبتاً نئی مارکیٹ فائدہ مند ہوگی۔

دسمبر کے دوران لندن میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت پر ایک کانفرنس منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں پاکستان میں کاروبار کرنے والی برطانوی کمپنیوں کی کامیابی کے بارے میں مزید اداروں کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں توانائی کے شعبے سے منسلک اداروں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ہمارا پیغام واضح اور سادہ ہے: برطانیہ پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری شراکت داری قائم کرنے میں سنجیدہ ہے۔

اس دورے کے دوران بیرونیس وارثی اور ٹریڈ مشن نے پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ دوستی میں اضافے پر گفتگو کی۔ دونوں ممالک 2015 تک دو طرفہ تجارتی حجم کے ہدف کو تین ارب پائونڈ اسٹرلنگ تک پہنچانے کے لیے مل کر کام کرینگے۔ بیرونیس وارثی نے ایک استقبالیہ کے دوران پاکستان بزنس کونسل اور لاہور کے اعلٰی کاروباری اہلکاروں سے برطانوی ٹریڈ مشن کے ارکان کو بھی متعارف کرایا۔

بیرونیس وارثی نے ڈگری کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کے لیے برٹش کونسل کے ایکٹو سٹیزن پروگرام کی جانب سے کمیونٹی انگیجمنٹ کورس کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ سیٹزن شپ ایجوکیشن تھرو کمیونٹی انگیجمنٹ (Citizenship education through community engagement) نامی کورس طلباء میں کمیونٹی انگیجمنٹ اور ڈیویلپمنٹ متعارف کرائے گا۔ بیرونیس وارثی نے لاہور کالج وومین یونیورسٹی کے طلباء سے ملاقات کرکے مقامی آبادیوں کے ساتھ ان کے تجربات پر بھی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ بیرونیس وارثی نے برٹش کونسل پنجاب کے ڈائریکٹر رچرڈ ویئرز (Richard Weyers) کے ہمراہ پاکستان میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن (Technical and Vocational Education – TVE) کے مواقع میں بہتری لانے کے لیے ایک گفتگو کی سربراہی کی۔

اپنے حالیہ دوروزہ دورہ پاکستان کے دوران بیرونیس وارثی نے یوکے ٹریڈ مشن کے ہمراہ وزیرِ اعظم پاکستان، اہم وزراء، ممبرانِ پارلیمنٹ اور کاروباری رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ بیرونیس وارثی کا یہ دورہ پاکستان ، برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارت اور کاروباری شراکت داری میں اضافے کو دی جانے والی اہمیت کا ایک مظاہرہ ہے۔ اس دورے کے فوائد دونوں ممالک کے لیے یکساں اہم ہیں۔

رابطہ:

برٹش ہائی کمیشن، اسلام آباد۔ فون نمبر 5306 500 0300

شائع کردہ 4 October 2013