دونوں گردوں کی عدم تشکیل: والدین کے لیے معلومات (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 9 جولائی 2026
Applies to England
جائزہ
یہ معلومات آپ کی مدد کے لیے ہیں اگر آپ کے بچے میں آپ کے 20-ہفتوں کے اسکین (جسے بعض اوقات حمل کے درمیانی عرصے کا سکین بھی کہا جاتا ہے) کے بعد دونوں گردوں کی عدم تشکیل کا شبہ ظاہر ہوا ہو۔ دونوں گردوں کی عدم تشکیل کا مطلب ہے کہ آپ کے بچے کے گردے موجود نہیں ہیں۔
ان معلومات سے آپ کو اور آپ کے صحت کے ماہرین کو آپ اور آپ کے بچے کی دیکھ بھال کے اگلے مراحل کے بارے میں بات کرنے میں مدد ملنی چاہیے۔ یہ معلومات آپ کی مدد اور رہنمائی کے لیے ہیں، لیکن یہ ان بات چیتوں کا متبادل نہیں ہیں جو آپ صحت کے ماہرین کے ساتھ کریں گے۔ یہ معلوم ہونا کہ آپ کے بچے کی نشوونما میں کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے پریشان کن ہو سکتا ہے۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔
ہم آپ کو ماہرین کی ایک ٹیم کے پاس بھیجیں گے جو اپنی پوری کوشش کرے گی تاکہ:
- آپ کے بچے کے عارضے کے بارے میں مزید درست معلومات فراہم کریں۔
- آپ کے سوال کا جواب دیں
- اگلے اقدامات کی منصوبہ بندی کرنے میں آپ کی مدد کریں
دونوں گردوں کی عدم تشکیل کے بارے میں
دونوں گردوں کی عدم تشکیل ایک نایاب کیفیت ہے جس میں دونوں گردے نشوونما نہیں پاتے۔
زیادہ تر بچے 2 گردوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، ایک بائیں جانب اور ایک دائیں جانب۔ گردے پیشاب کے نظام کا حصہ ہوتے ہیں۔ یہ خون سے فاضل مادوں اور اضافی رطوبت کو الگ کرتے ہیں اور یہ پیشاب کی صورت میں جسم سے خارج ہو جاتی ہے۔ گردے ایسے ہارمون بھی بناتے ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط بنانے، خون کے دباؤ کو قابو میں رکھنے اور سرخ خون کے خلیات بننے کے عمل کو منظم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
گردے بچے کی نشوونما کے بہت ابتدائی مرحلے میں بننا شروع ہوتے ہیں۔ حمل کے تقریباً 12 ہفتوں کے بعد یہ پیشاب بنانا شروع کر دیتے ہیں جو رحم میں بچے کے گرد موجود پانی میں شامل ہوتا ہے۔ بچوں کے پھیپھڑوں کی نشوونما کے لیے رحم میں موجود پانی ضروری ہوتا ہے۔

تصویر میں ایک ایسے بچے کو دکھایا گیا ہے جس کے پھیپھڑے اور گردے مکمل طور پر نشوونما پا چکے ہیں
چونکہ دونوں گردوں کی عدم تشکیل والے بچوں کے گردے موجود نہیں ہوتے، اس لیے 20 ہفتوں والے سکین کے وقت رحم میں موجود پانی بہت کم یا بالکل نہیں ہوتا۔ بچے کے گرد پانی نہ ہونا یا بہت کم ہونا اس بات کا سبب بنتا ہے کہ اس کے پھیپھڑے صحیح طور پر نشوونما نہیں پاتے۔ افسوس کے ساتھ، اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسے بچے پیدائش کے بعد زندہ نہیں رہ سکتے۔ اس کیفیت کو روکنے یا اس کا علاج کرنے کا کوئی طریقہ موجود نہیں ہے۔
وجوہات
ہمیں یہ بالکل معلوم نہیں کہ دونوں گردوں کی عدم تشکیل کی وجہ کیا ہوتی ہے، لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ یہ کیفیت لڑکوں میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ یہ کسی ایسی چیز کی وجہ سے نہیں ہوتا جو آپ نے کیا ہے یا نہیں کیا ہے۔ یہ بعض اوقات دیگر طبی عارضوں سے منسلک ہوتا ہے، جیسے کہ وہ جو آپ کے بچے کے کروموسوم (جینیاتی معلومات) کو متاثر کرتے ہیں۔ آپ اپنی انفرادی صورتحال کے بارے میں ماہرین کی ٹیم سے بات کر سکیں گی۔
دونوں گردوں کی عدم موجودگی تقریباً ہر 5,000 بچوں میں سے 1 بچے میں پائی جاتی ہے (%0.02)۔
ہمیں دونوں گردوں کی عدم تشکیل کا کیسے معلوم ہوتا ہے
ہم حمل کے 20 ویں ہفتے والے سکین میں دونوں گردوں کی عدم موجودگی کی جانچ کرتے ہیں (حمل کے 18+0 سے 20+6 ہفتوں کے درمیان)۔
مزید معائنے اور اپوائنٹمنٹس
چونکہ سکین کے نتیجے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کے بچے میں دونوں گردوں کی عدم موجودگی ہے، اس لیے ہم آپ کو ایسے ماہرین کی ٹیم کے پاس بھیج رہے ہیں جو پیدائش سے پہلے حاملہ ماؤں اور ان کے بچوں کی دیکھ بھال میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ اس ہسپتال میں ہو سکتے ہیں جہاں آپ فی الحال قبل از پیدائش کی دیکھ بھال حاصل کر رہی ہیں، یا کسی دوسرے ہسپتال میں۔ یہ یقینی طور پر معلوم کرنے کے لیے کہ آیا آپ کے بچے کو یہ عارضہ لاحق ہے یا نہیں آپ کو دوسرے اسکین کی ضرورت ہوگی۔ ماہرین کی ٹیم اس بات کی تصدیق کر سکے گی کہ آیا آپ کے بچے میں دونوں گردوں کی عدم موجودگی ہے اور اس کا کیا مطلب ہو سکتا ہے۔
ماہرین کی ٹیم سے ملنے سے پہلے جو بھی سوالات آپ پوچھنا چاہتی ہیں انہیں لکھنا مفید ہو سکتا ہے۔
نتیجہ
دونوں گردوں کی عدم تشکیل کا کوئی علاج موجود نہیں ہے۔ افسوس کے ساتھ، جن بچوں کے گردے موجود نہیں ہوتے وہ یا تو مردہ پیدا ہوتے ہیں یا پیدائش کے بہت جلد بعد وفات پا جاتے ہیں، کیونکہ وہ مکمل طور پر نشوونما پانے والے پھیپھڑوں اور گردوں کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔
اگلے مراحل اور دستیاب انتخاب
آپ حمل کے دوران اپنی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم سے اپنے بچے میں دونوں گردوں کی عدم موجودگی اور اپنے لیے دستیاب انتخاب کے بارے میں بات کر سکتی ہیں۔ ان میں آپ کا اپنا حمل جاری رکھنا یا اپنا حمل ختم کرنا شامل ہوگا۔ آپ دونوں گردوں کی عدم تشکیل کے بارے میں مزید جاننا چاہ سکتی ہیں۔ اس صورتحال میں والدین کی مدد کرنے کا تجربہ رکهنے والی کسی معاون تنظیم سے بات کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اگر آپ اپنا حمل جاری رکھنے کا فیصلہ کرتی ہیں، تو ماہرین کی ٹیم دیکھ بھال کی منصوبہ بندی میں آپ کی مدد کرے گی۔ چونکہ افسوس کے ساتھ دونوں گردوں کی عدم تشکیل کا کوئی علاج موجود نہیں ہے، اس لیے ٹیم آپ سے بات کرے گی کہ آپ اپنے بچے کی پیدائش کے بعد اس کی دیکھ بھال کس طرح کرنا چاہتی ہیں۔ اسے پیلی ایٹو کیئر )تکلیف کم کرنے اور آرام پہنچانے والی نگہداشت( کہا جاتا ہے۔ پیلی ایٹو کیئر وہ دیکھ بھال ہے جس میں صحت کے ماہرین علامات کو کم کرنے اور مریض کو آرام دہ رکھنے میں مدد دیتے ہیں جب کوئی علاج یا شفا دستیاب نہ ہو۔ دونوں گردوں کی عدم تشکیل کی صورت میں آپ کے بچے کو آرام دہ رکھا جائے گا یہاں تک کہ وہ وفات پا جائے، جو عموماً پیدائش کے چند گھنٹوں کے اندر ہو جاتا ہے۔
اگر آپ اپنا حمل ختم کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں، تو آپ کو اس بارے میں معلومات دی جائیں گی کہ اس میں کیا شامل ہے اور آپ کی مدد کیسے کی جائے گی۔ آپ کو اپنے حمل کو کہاں اور کیسے ختم کرنا ہے اس کے انتخاب کی پیشکش کی جانی چاہیے اور آپ اور آپ کے خاندان کے لیے انفرادی مدد فراہم کی جانی چاہیے۔
اگر آپ اپنے بچے کی کچھ یادیں محفوظ کرنا چاہیں تو عملہ آپ اور آپ کے خاندان کو اس میں مدد فراہم کرے گا۔
یہ صرف آپ جانتی ہیں کہ آپ اور آپ کے خاندان کے لیے بہترین فیصلہ کیا ہے۔ آپ جو بھی فیصلہ کریں گی، آپ کی صحت کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم آپ کی معاونت کرے گی۔
مستقبل کے حمل
اگر آپ آئندہ ایک اور بچہ پیدا کرنے کا فیصلہ کریں تو اس بات کا امکان کم ہے کہ اسے دونوں گردوں کی عدم تشکیل کا مسئلہ ہو۔ اگر آپ، آپ کے شریکِ حیات یا آپ کے کسی بچے کو گردوں سے متعلق مسائل رہے ہیں تو آپ کو جینیات میں مہارت رکھنے والی ٹیم کے پاس بھیجا جا سکتا ہے۔
. مزید معلومات
اینٹی نیٹل ریزلٹس اینڈ چوائسز (ARC) ایک قومی خیراتی ادارہ ہے جو اسکریننگ اور تشخیص اور حمل جاری رکھنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلے کرنے میں لوگوں کی مدد کرتا ہے۔
اسٹل برتھ اینڈ نیونیٹل ڈیتھ چیریٹی (Sands) ایک قومی خیراتی ادارہ ہے جو کسی بچے کی موت سے متاثر ہونے والے کی مدد کرتا ہے اور مرنے والے بچوں کی تعداد کو کم کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔
ٹوگیدر فار شارٹر لائیوز ایک قومی خیراتی ادارہ ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ شدید بیمار بچے اور ان کے اہل خانہ اپنے ساتھ گزارے ہوئے ہر لمحے سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں، چاہے وہ سال، مہینے یا صرف گھنٹے ہوں۔
انفوکڈ والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے ایک معلوماتی ذریعہ ہے، جس میں شیر خوار بچوں، بچوں اور نوجوانوں میں گردوں کے مسائل کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
یہاں معلوم کریں کہ NHS انگلینڈ آپ کی اسکریننگ کی معلومات کو کس طرح استعمال اور حفاظت کرتا ہے .
معلوم کریں کہ اسکریننگ سے دستبردار ہونے کا طریقہ کیا ہے۔